گاندربل ۸، جون ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بتایا کہ ریاست جموں وکشمیر اس وقت ایک مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے اور ہر طرف سے سازشوں کے جال بنے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کیساتھ ساتھ ریاست جموں وکشمیر میں بھی دن بہ دن فرقہ پرستی کا رجحان تقویت پارہا ہے جس کے نتیجے میں ریاستی عوام انتہائی تشویش میں مبتلا ہوئے ہیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سنیچر وار کو وسطی ضلع گاندربل کے بابانگری علاقے میں بابا نظام الدین لاوری نقشبندیؒ کے سالانہ عرس کی اختتامی تقریب کے موقعے پر ہزاروں عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اس وقت ایک مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے ، ہر طرف سے سازشوں کے جال بُنے جارہے ہیں،ہم آج اُس مقام پر کھڑے ہیں جہاں فرقہ پرستی کا رجحان دن بہ دن بڑھ رہا ہے جس سے ریاستی عوام تشویش میں مبتلا ہیں اور دوسری جانب ملک کے مسلمان عدم تحفظ کے شکار ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اسلام کی حفاظت اور اس کی آن، بان اور شان تاابد قائم رکھنے کی ذمہ دار خود اللہ تعالیٰ نے لی ہے۔ اسلام نے دنیا میں صالح نظام کی بنیاد ڈالی اور عدل و انصاف اور مساوات کی علم بلند رکھی۔ اسلام نے ہی دنیا میں گورے کالے، رنگ و نسل، ذات پات اور دخترکشی کا خاتمہ کیا اور ہمیں اللہ اور اُس کے رسولؐ پر ایمان رکھ کر اپنی زندگی گزارنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جسے اللہ اور اُن کے رسولؐ پر یقین ہوگا وہ کبھی بھی ناکام نہیں ہوگا اور نہ ہی اُسے کبھی دبایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کو ختم کرنے کیلئے ماضی میں بھی بہت ساری فرعونی طاقتیں آئیں۔ فرعون ختم ہوگیا لیکن اسلام زندہ رہا اور رہے گا۔ جس کی حفاظت کرنے والا اللہ ہو اُسے کوئی گھبراہٹ نہیں ہونی چاہئے۔یہاں موجود لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس آپ کے تعاون کی شکر گزار ہے کیوں کہ آپ کے اشتراک اور تعاون سے ہی پارٹی پارلیمانی انتخابات میں کامیابی درج کرپائی۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ صرف یہی تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ریاستی عوام کے سامنے آنے والے کل میں ایک بڑا چیلینج درپیش ہے۔ آگے اس سے بڑا امتحان آنے والا ہے، آپ کے ایمان کو خریدنے کیلئے دولت کا استعمال ہوگا، فوج کا استعمال ہوگا اور بہت سارے حربے اپنائے جائیں گے ، ان سازشوں کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ جس طرح آپ نے حالیہ امتحان میں اپنی جماعت کو سرخرو کیا اُسی طرح آپ اپنی اس آبائی جماعت کو آنے والے امتحانوں میںکامیاب سے ہمکنار کرناہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقعے پر عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء، ریاست میں مکمل امن و امان ، ریاستی عوام کی خوشحالی اور میاں بشیر احمد صاحب کی صحت یابی اور عمر درازی کیلئے دعا کی۔
ہمارے ایمان کو خریدنے کیلئے دولت اور فوج کا استعمال کیا جائیگا
آنے والا وقت انتہائی کٹھن اور مشکل ترین ہوگا: ڈاکٹر فاروق عبداللہ