نوگام کوکرناک کے گھنے جنگلات میں مختصر تصادم آرائی

جیش کا مقامی جنگجو جاں بحق، 2فرار ہونے میں کامیاب

نوگام کوکرناک کے گھنے جنگلات میں مختصر تصادم آرائی

ڈورو میں مکمل ہڑتال اور پرتشدد جھڑپیں، ضلع بھر میں انٹرنیٹ منقطع
اننت ناگ ۸، جون ؍کے این ایس ؍ پنجرن پلوامہ میں ہوئی خونین معرکہ آرائی کے 24گھنٹوں بعد ہی ویری ناگ کے جنگلاتی علاقے نوگام میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان مختصر تصادم آرائی میں جیش محمد سے وابستہ مقامی جنگجو جاں بحق ہوا ہے جبکہ فورسز نے علاقے کے وسیع و عریض جنگلاتی خطے میں مزید جنگجوئوں کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ ادھر انتظامیہ نے علاقے میں جنگجو کی ہلاکت کے مابعد پیدا شدہ صورتحال کوقابو میں رکھنے کیلئے اننت ناگ ضلع میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو منقطع کردیا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق پلوامہ کے پنجرن لاسی پورہ علاقے میں جمعہ کی صبح ہوئی خونین معرکہ آرائی کے صرف 24گھنٹوں بعد ہی اننت ناگ کے نوگام علاقے میں ایک مختصر تصادم آرائی میں جیش محمد سے وابستہ مقامی جنگجو کو جاں بحق کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فوج کی 19آر آر، سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ سے وابستہ اہلکاروں نے مشترکہ طور پر اننت ناگ ضلع کے جنگلاتی علاقے نوگام کا سنیچر کو علی الصبح کڑا محاصرہ عمل میں لایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق فورسز کومصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ نوگام کے گھنے جنگلات میں 2سے 3جنگجو پناہ لئے ہوئے ہیں جس کے بعد فورسز کی مشترکہ پارٹی نے علاقے کا کڑا محاصرہ عمل میں لاکر جنگجو مخالف آپریشن شروع کردیا۔پولیس ذرائع کے بقول فورسز نے علاقے کو جانے والی تمام رابطہ سڑکوں پر کڑے پہرے بٹھاتے ہوئے یہاں فورسز کی اضافی ٹکڑیوں کو تعینات کردیا۔ اس دوران فورسز کی مشترکہ پارٹی نے جونہی علاقے کے گھنے جنگلات کے اندر پیش قدمی شروع کی تو یہاں جھاڑیوں میں چھپے اسلحہ برداروں نے تلاشی پارٹی پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی۔ ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے اس موقعے پر مورچہ سنبھالتے ہوئے جنگجوئوں کی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا۔ اس موقعے پر طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ مختصر وقفے تک جاری رہا جس کے بعد گھنے جنگلات میں گولیوں کا سلسلہ رک گیا۔ اس موقعے پر فورسز نے مشتبہ مقام کی جانب پیش قدمی شروع کی جہاں سے فورسز نے ایک جنگجو کی لاش برآمد کی ۔ پولیس کے مطابق مختصر تصادم آرائی کے دوران مارے گئے جنگجو کی شناخت اقبال احمد ساکن پانزتھ ڈورو اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے جس ممکنہ طورپر جیش محمد کیساتھ وابستہ ہے۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ علاقے میں فوجی آپریشن ہنوز جاری ہے کیوں کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق جنگلاتی علاقے میں مزید 2جنگجوئوں کے چھپے ہونے کی اطلاعات ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکائونٹر میں فرار اختیار کرنے والے مزید جنگجوئوں کی تلاش کیلئے فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے۔ ادھر انتظامیہ نے نوگام اننت ناگ میں فورسز کی جانب سے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن عمل میں لانے کیساتھ ہی ضلع بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس کا ایک بار پھر کریک ڈائون عمل میں لایا۔ مقامی لوگوں کے مطابق نوگام کے جنگلاتی علاقے میں جونہی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی تو اننت ناگ کے درجنوں علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو منقطع کیا گیا۔ادھر تصادم آرائی میں مارے گئے جنگجو کی نعش کو پولیس نے 19آر آر کیمپ لارکی پورہ سے حاصل کرنے کے بعد لاش کو طبی و قانونی لوازمات کے مراحل سے گزارنے کے بعد اسے لواحقین کے حوالے کردیا۔ معلوم ہوا ہے کہ 36سالہ اقبال احمدساکن ڈورو پہلے حرکت المجاہدین کے ساتھ وابستہ تھا جس کے بعد انہیں فورسز نے گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اقبال آٹھ ماہ قبل دوبارہ عسکری صفوں میں شامل ہوا اور یوں اُنہوں نے جیش محمد نامی تنظیم میں شمولیت اختیار کرلی۔پولیس کے مطابق اقبال کئی مرتبہ گرفتار ہوا اور رہا ہونے کے بعد دوبارہ جنگجوئوں کے ساتھ رابطہ بناتا گیا۔ادھر جنگجو کی ہلاکت کے فوراً بعد ڈورو اننت ناگ میں آناً فاناً تمام قسم کی سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئیں۔ معلوم ہوا کہ ڈورو میں جونہی اقبال نامی جنگجو کی ہلاکت کی خبر پھیل گئی تو یہاں دوکانات، تجارتی اور تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند ہوگئے جبکہ سڑکوں سے ٹریفک کی نقل و حرکت بھی مسدود ہوکر رہ گئی۔ اسی اثنا میں یہاں نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے سڑکوں پر آکر فورسز کارروائی کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے یہاں موجود فورسز اہلکاروں پر پتھرائو کیا جس کے جواب میں فورسز نے احتجاج کررہے نوجوانوں کو منتشر کرنے کی خاطر درجنوں آنسو گیس کے گولے داغے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ فائرنگ کا بے دریغ استعمال کیا ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق علاقے میں شام دیر گئے تک کئی مقامات پر مظاہرین اور فورسز کے درمیان دوبدو جھڑپیں جاری تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.