اُدھمپور ۱۱، جون ؍کے این ایس ؍ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے واضح کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں جرائم کیخلاف نمٹنے کیلئے پولیس اہلکاروں کو پیشہ ورانہ تربیت سے لیس کیا جائیگا۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق شیر کشمیرپولیس اکیڈمی اُدھمپور میں منگلوار کو پاسنگ آئوٹ پریڈ کے دوران 220پولیس اہلکاروں کے علاوہ 16ڈپٹی ایس پیز، 13ایس آئی اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو تربیت مکمل ہونے کے بعد فارغ کیا گیا۔اس موقعے پر ریاستی گورنر کے خصوصی مشیر کے وجے کمار، کے کے شرما اور پولیس سربراہ دلباغ سنگھ بطور مہمان خصوصی شامل رہے۔ڈی جی پی نے تقریب کے دوران فارغ شدہ اہلکاروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں جموں وکشمیر پولیس کی شان رفتہ میں مزید اضافہ کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ فارغ شدہ یچ کے ساتھ انہیں دو بار تبادلہ خیال کا موقعہ ملا جس دوران کئی اہم معاملات و مسائل پر گفت و شنید کی گئی۔ ڈی جی پی کے بقول مجھے اس بات پر فخر ہے کہ سبھی پولیس اہلکاروں کے حوصلے بلند ہے اور وہ اپنی خدمات کو پولیس کے لئے وقف رکھنے میں فخر محسوس کررہے ہیں۔ڈی جی پی نے بتایا کہ آج کے فارغ شدہ بیچ کو عمومی تربیت کے علاوہ خصوصی تربیت فراہم کی گئی تاکہ آنے والے وقت میں جرائم کیخلاف کارروائی کے دوران کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت فراہم کرنے کے دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا کہ اہلکار عوام کے درمیان اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے دوران ایک بہترین پولیس اہلکار کے طور پر سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ پروبیشن آفسران کو نیشنل پولیس اکیڈمی اور آرمی کے ساتھ خصوصی کورسز کرائے گئے تاکہ وہ جدید تحقیقاتی عمل سے مستفید ہوں۔اس موقعے پر اپنے استقبالی خطاب میں ڈائریکٹر شیر کشمیر پولیس اکیڈمی اُدھمپور ایم سلیمان سلاریا نے ذی وقار مہمانوں کو تربیت کورسز کے علاوہ اکیڈمی سے متعلق خصوصی جانکار ی دی۔اس موقعے پر تربیت حاصل کرنے کے دوران خصوصی کارکردگی دکھانے والے پولیس اہلکاروں کو انعامات سے نوازا گیا۔
اُدھم پور پولیس اکیڈمی میں پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد
پولیس اہلکاروں کو جرائم کیخلاف نمٹنے کیلئے پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائیگی: دلباغ سنگھ