سرینگر ۱۲، جون ؍کے این ایس ؍ ریاست کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے بتایا کہ جموں وکشمیر بنک سے متعلق آنے والے دنوں میں چیرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کے علیحدہ علیحدہ عہدے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بنک خیراتی ادارہ نہیں بلکہ ایک مالیاتی ادارہ ہے جو ریاستی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ریاست کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے بدھوار کو ایس کے آئی سی سی میں گورنر ستیہ پال ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کیلئے آنے والے دنوں میں چیرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کے الگ الگ عہدے ہوں گے اور یوں بنک کا دو طرفہ کٹرول ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ بہت جلد جموں وکشمیر بنک میں دو طرفہ کنٹرول ہوگا جہاں چیرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کے الگ الگ عہدے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار بنک میں تمام اُمور میں نظم و ضبط اور شفافیت لانے کیلئے چیرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کے الگ الگ عہدے مقرر کرے گی۔پریس کانفرنس میں حال ہی میں بنک کے سابق چیرمین پرویز احمد کی برطرفی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ریزرو بنک آف انڈیا نے بنک میں کام کاج کو جاری رکھنے کیلئے عبوری چیرمین تعینات کیا جبکہ بنک کیلئے چیرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدوں پر مناسب ، موزون اور قابل افراد کی تعیناتی کیلئے بنک کے ماہر اور اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم کو جلد ہی تشکیل دیا جائیگا۔کے این ایس نمائندے کے مطابق چیف سیکرٹری نے میڈیا نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’جموں وکشمیر بنک محفوظ ہاتھوں میں ہے اور سابق چیرمین پرویز احمد کی تبدیلی آر بی آئی نے کی ہے۔اس سلسلے میں جلد ہی سرچ کمیٹی کو تشکیل دیا جائے گا جو بنک میں کام کاج کو بہتر ڈھنگ سے چلانے کیلئے چیرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدوں کیلئے مناسب ، موزوں اور قابل ترین افراد کو تعینات کریگی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’بنک عوامی مال و جائیداد کا محافظ ہے اور یہ کوئی خیراتی ادارہ نہیںبلکہ ایک مالیاتی ادارہ ہے جو ریاستی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ سرکار بنک کی شان رفتہ کو بحال کرنے میں تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائیگی‘‘۔
جموں وکشمیر بنک محفوظ ہاتھوں میں: چیف سیکرٹری
چیرمین اور ایم ڈی کے عہدوں کیلئے سرچ کمیٹی عنقریب تشکیل دی جائیگی