سرینگر ۱۳، جون ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کو اس وقت زبردست مشکلات اور خطرات کا سامنا ہے اور موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات اور دلچسپیاں بلائے طاق رکھ کر ریاست کے وسیع تر مفاد کیلئے متحد ہوجائیں اور کشمیر دشمن عناصر سے ریاست کو محفوظ بنائیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان نے جمعرات کو صوبہ کشمیر کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی موجودہ صورتحال کو پرخطر اور گھمبیر قرار دیا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ ریاست کو اس وقت ایسے مشکل حالات کا سامنا ہے جس کا مقابلہ ہم صرف اور صرف متحد ہو کر کرسکتے ہیں۔ ہماری ریاست کے سامنے مشکل حالات ہیں، ہمارے دشمن ریاست کے مفادات کو سلب کرنے کی تاک میں ہیں اور یہ لوگ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے آنے والے انتخابات میں اثر و رسوخ کا استعمال کرنے کے علاوہ ہمیں علاقائی ، لسانی اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمنوں کا ایجنڈا کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، یہ لوگ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کیساتھ ساتھ ریاستی کی علاقائی سالمیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وقت کی اہم ضرورت ہم اپنی صفوں کو مضبوط کریں اور ریاست کے وسیع تر مفاد کیلئے متحدہ ہوجائیں اور چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے ہمیشہ یہی دہرایا کہ عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہے اور سرداری عوام کا حق ہے، حالیہ پارلیمانی انتخابات میں لوگوں نے ہماری جماعت کو زبردست تعاون اور اشتراک دیا۔ عوام نے ہماری جماعت پر اعتماد اور بھروسے کا اظہار کیا ہے تاکہ ہم ریاست کی خصوصی پوزیشن اور سالمیت کا تحفظ کرنے کے اپنے مشن کو آگے لے جاسکیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی محنت و مشقت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ مزید رابطہ بڑھانا ہے اور پارٹی منشور ، پارٹی پروگرام اور ایجنڈا کو گھر گھر پہنچانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے روزہ مرہ کے مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کا سدباب کرانے کی بھی کوشش کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں، ریاست کی خصوصی پوزیشن کا تحفظ کرنے کی ساتھ ساتھ ریاست کی ترقی،ریاستی عوام کی خوشحالی اور فارغ البالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہماری جماعت کے دروازے ہر اُس شخص کیلئے کھلے ہیں جو ریاست کے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتا ہے۔
ریاست کے وسیع تر مفاد کیلئے کام کریں
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی پارٹی عہدیداران اور کارکنوں کو ہدایت