اننت ناگ فدائین حملہ پاکستان کی کارستانی: گورنر ستیہ پال ملک

تشدد اور خون خرابے سے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا

اننت ناگ فدائین حملہ پاکستان کی کارستانی: گورنر ستیہ پال ملک

سرینگر ۱۳، جون ؍کے این ایس ؍ ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک نے اننت ناگ فدائین حملے کو پاکستان کی کارستانی قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی سرکار نے یہاں الیکشن کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرایا جو پاکستان کو ہضم نہیں ہوا لہٰذا جوں ہی وادی میں امن کی فضا بحال ہوتی ہے تب تب پاکستان اس کو سبوتاژ کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرتا۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک نے گزشتہ دنوں اننت ناگ میں ہوئے فدائین حملے کو پاکستان کی کارستانی قرار دیا۔ گورنر نے دعویٰ کیا کہ اننت ناگ فدائین حملہ پاکستان کی ہدایت پر انجام دیا گیا۔ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے گورنر کے بقول ’’گزشتہ دنوں اننت ناگ میں پیش آئے فدائین حملہ پاکستان کی ہدایت پر انجام دیا گیا‘‘۔انہوں نے بتایا کہ جب بھی وادی کشمیر میں امن کی فضا بحال ہوتی ہے، پاکستان اس کو سبوتاژ کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرتا اور یہاں فدائین حملے کرواتا ہے۔گورنر نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے یہاں پرامن اور خوشگوار ماحول میں پنچایتی، بلدیاتی اور پارلیمانی انتخابات منعقد کرائے لیکن یہ سب کچھ پاکستان میں بیٹھے جنگجوئوں کے آقائوں کو ایک آنکھ بھی نہ بھایا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں فدائین حملے پاکستان کی ہدایت پر ہی انجام دئے جاتے ہیں۔رواں برس کے جولائی مہینے سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں گورنر ستیہ پال ملک نے بتایا کہ یاترا کے پرامن انعقاد کیلئے سیکورٹی کے مثالی انتظامات اُٹھائے جائیں گے اور کسی بھی شرپسند عناصر کو یاترا کے قریب بھی جانے کا موقعہ نہیں دیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ اننت ناگ فدائین حملے کا تعلق یاترا سے نہیں تھا تاہم یاتریوں کی سلامتی کے حوالے سے ریاستی سرکار نے غیر معمولی انتظامات عمل میں لائے ہیں۔ جنگجوئوں کو قطعی طور پر اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ یاترا میں کسی بھی قسم کا رخنہ ڈالیں۔ سیکورٹی ایجنسیوں کے آپسی تال میل اور انتظامیہ کے مکمل تعاون سے جنگجوئوں کے تمام منصوبوں کو ناکام بنایا جائیگا۔ خیال رہے بدھوار کی سہ پہر جنگجوئوں پر مشتمل فدائین گروپ نے کھنہ بل پہلگام روڑ پر سی آر پی ایف کی روڑ اوپننگ پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5سی آرپی ایف اہلکار موقعے پر ہی ہلاک جبکہ واقعے میں ایس ایچ او پولیس تھانہ صدر سمیت کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔اس سے قبل گورنر ستیہ پال ملک نے حملے میں مارے گئے سی آر پی ایف اہلکاروں کی ہلاکت پر سخت دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مہلوک اہلکاروں کے لواحقین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ گورنر نے بتایا کہ جب بھی سیکورٹی فورسز کی طرف سے ریاست میں الیکشن کے کامیاب انعقاد اور جنگجو مخالف آپریشنوں میں ناقابل یقین کامیابی حاصل ہوتی ہے تو سرحد پار بیٹھے جنگجوئوں کے آقا یہاں فدائین حملے کرواتے ہیں۔ انہوں نے جنگجوئوں اور اُن کے آقائوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے طریق کار سے ہمارے عزم میں کوئی تزلزل نہیں آسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنگجوئوں کے خلاف ہماری مہم آخری دم تک جاری رہیگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.