کشمیر یونیورسٹی میں 23ویں کُل ہند اردو کتاب میلے کا کیاافتتاح
سرینگر ۱۵، جون ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کشمیریونیورسٹی کے ابن خلدون آڈیٹوریم میں 23ویں کل ہند کتاب میلے کا افتتاح کرنے کے دوران تعلیم کے حصول پر زور دیا ۔ انہوں نے طلاب پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام ترتوجہ پڑھائی کی طرف مرکوز کریں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سنیچر وار کوکشمیر یونیورسٹی میں 23ویں کُل ہند اردو کتاب میلہ کا افتتاح کیا۔ کتاب میلے کا انعقاد قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ،نئی دہلی نے علامہ اقبال ؒلائبریری کشمیر یونیورسٹی کے اشتراک سے کررہا ہے۔ کتاب میلہ 23جون تک جاری رہے گا۔ میلے میں قائم 51سٹالوں میں ایک لاکھ سے زیادہ ادبی، سیاسی، سماجی، مذہبی، طبی، اخلاقی، سائنسی اور دیگر موضوعات پر کتابیں دستیاب ہیں۔افتتاحی تقریب پر کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر طلعت احمد، ڈائریکٹر این سی پی یو ایل شیخ ندا، رجسٹرار کشمیر یونیورسٹی نثار احمد میر، سینئر این سی لیڈر شریف الدین شارق، نامور ادبیٰ، مصنف اور پبلشرز موجود تھے۔اس موقعے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اردو زبان صرف مسلمانوں کی زبان نہیں ، بلکہ پورے ملک کے لوگوں کی زبان ہے۔ بدقسمتی سے جو لوگ اس زبان کو صرف مسلمانوں کی زبان سمجھتے ہیں وہ حقیقی معنوں میں محب وطن نہیں۔ اسی زبان نے ہندوستان کی آزادی کیلئے انقلاب لایا۔ مرکزی سرکار کو اس زبان کے فروغ کیلئے وسیع اقدامات کرنے چاہئیں۔ اردو زبان سیکولر بھارت کی ترجمان رہی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو تاکید کی کہ وہ پڑھائی کی طرف خاص توجہ دیں کیونکہ تعلیم ہی آپ کی اور ریاست کے روشن اور تابناک مستقبل کی واحد ضمانت ہے۔ انہوں نے کشمیری زبان کے فروغ کی بھی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بنیادی طور کشمیری ہیں اور ہمارا کلچر، تہذیب و تمدن اُسی صورت میں زندہ رہ سکتا ہے جب ہم اپنی مادری زبان کو ہمیشہ دوام بخشتے رہیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی ریاست کی دیگر زبانوںجن میں ڈوگری، لداخی، گوجری، پہاڑی، شینا، بلدی، پستو اور پنجابی جیسی کو بھی فراموش نہیں کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تہذیب و تمدن اور کلچر سب سے بڑا خزانہ ہے اور ہمیں اس کی ہر حال میں حفاظت کرنی ہے۔
تعلیم روشن اور تابناک مستقبل کی واحد ضمانت
طلاب اپنی تمام تر توجہ پڑھائی کی طرف مرکوز کریں: ڈاکٹر فاروق عبداللہ