سرینگر ۱۹، جون ؍کے این ایس ؍ گورنر ستیہ پال ملک نے سرینگر جموں شاہراہ پر جنگجوئوں کی جانب سے فدائین حملے سے متعلق پاکستان کی فراہم کردہ خفیہ اطلاع پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک پاکستان پر ذمہ داری عائد ہوجاتی ہے کہ وہ اس قسم کے حملوں سے متعلق ہمیں آگاہ کرتا رہے۔ گورنر کے بقول ’’تاہم یہاں یہ بات بھی دیکھنے کے قابل ہے کہ پاکستان خود اپنی سرزمین پر ایسے کتنے حملوں کو روکنے میں کامیاب ہوا ہے‘‘۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے بدھوار کو ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ پولیس تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سرینگر جموں شاہراہ پر جنگجوئوں کی جانب سے فدائین حملے سے متعلق پاکستان کی خفیہ اطلاع پر اپنے رد عمل میں بتایا کہ پڑوسی ملک پاکستان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس قسم کے حملوں اور منصوبوں سے متعلق کسی بھی خفیہ اطلاع سے ہمیں آگاہ کرتا رہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس بات کیلئے ذمہ دار ہے کہ حکومت ہندوستان کیساتھ کسی بھی خفیہ اطلاع کو شیئر کریں تاکہ جنگجوئوں کے منصوبوں کو ناکام کیا جائے۔ تاہم گورنرنے بتایا کہ جہاں پاکستان کشمیر میں کسی خفیہ منصوبے سے متعلق تفصیلات شیئر کرتا ہے وہیں یہ بات بھی دیکھنے کے قابل ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر اس طرح کے حملوں کو روکنے میں کتنا کامیاب ہوا ہے۔گورنر نے بتایا کہ ’’یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ خفیہ اطلاعات سے متعلق نئی دہلی کو آگاہ کرتا رہے‘‘۔کشمیرنیوز سروس کے مطابق گورنر ستیہ پال ملک نے دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ جموں وکشمیر میں گورنر کی قیادت والی انتطامیہ نے جنگجوئوں سے متعلق انفراسٹرکچر کو شدید طور پر متاثر کردیا ہے۔گورنر کے بقول ’’آپ نے دیکھا ہوگا کہ سابق ریاستی حکومتوں نے کس طرح ملی ٹینسی پر قابو پانے کی کوشش کیں، اور آپ لوگ موجودہ گورنر کی قیادت والی انتظامیہ کی کوششوں سے بھی پوری طرح باخبر ہو کہ کس طرح ہم نے یہاں ملی ٹینسی کو ختم کرنے کیلئے کوششیں بروئے کار لائیں‘‘۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گورنرکی قیادت والی انتظامیہ کے دوران وادی کشمیر میں نوجوانوں کی عسکری صفوں میں شمولیت اور پتھر بازی میں بہت حد تک کمی دیکھنے میں آرہی ہے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ جب سے ریاست جموںو کشمیر میں گورنر نے انتظامیہ کا کنٹرول اپنے ہاتھوں میں لیا تب سے یہاں عسکری صفوں میں نوجوانوں کی سردمہری اور سنگ باری جیسے واقعات میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
خفیہ اطلاعات فراہم کرنا پاکستان کی ذمہ داری:گورنر ستیہ پال ملک
گورنر انتظامیہ کے دوران جنگجو بھرتی اور سنگ بازی پر قابو پایا گیا