اننت ناگ ۲۰، جون ؍کے این ایس ؍ فوج کے شمالی کمانڈ کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں فوج کی طرف سے عمل میں لائے جارہے آپریشنز کوپیشہ ورانہ طریقے پر انجام دیا جارہا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ جنگجو مخالف آپریشن کے دوران فورسز اہلکارایک مقررہ ضابطہ اخلاق کے پابند ہوتے ہیں جس میں انسانی زندگیوں کا اعلیٰ درجے پر احترام کیا جاتا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق فوج کے شمالی کمانڈ کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ نے اننت ناگ کے وزر علاقے میں قائم آرمی گڈول اسکول میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں فوج کی طرف سے جو بھی آپریشن عمل میں لایا جاتا ہے اُسے پیشہ ورانہ طریقے پر انجام دیا جاتا ہے۔ رنبیر سنگھ کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں فوج کی طجرف سے عمل میں لائے جارہے جملہ کارروائیاں پیشہ ورانہ طریقے پر انجام دی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کو عمل میں لانے کے دوران فورسز اہلکار مقررہ ضابطہ اخلاق کے پابند ہوتے ہیں جس میں انسانی زندگیوں کا اعلیٰ درجے پر احترام کیا جاتا ہے۔فوجی آٖفیسر نے بتایا کہ’’ ہمارے پاس ایک ٹھوس ضابطہ اخلاق موجود ہے جس میںسماج کیساتھ ساتھ انسانی زندگیوں کا احترام شامل ہیں۔ لہٰذا میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ فوج کی طرف سے انجام دئے جارہے تمام آپریشنز پیشہ ورانہ طریقے پر انجام دیے جاتے ہیں‘‘۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے لیفٹنٹ رنبیر سنگھ نے بتایا کہ ’’فوج کو جب بھی کہیں کارروائی کرنے مطلوب ہوتا ہے تو اسے مناسب طریقے پر انجام دیا جاتا ہے‘‘۔شمالی کمانڈ کے فوجی سربراہ نے بتایا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات کہ آج ہم آرمی گڈول گڈول اسکول میں موجود ہیں۔ ہم نے اس اسکول کو شہید لانس نائیک نذیر احمد وانی کے نام وقف کیا ہے جنہوں نے قوم کیلئے قربانی پیش کی۔فوجی آفسر کے مطابق آج ہم سب یہاں لانس نائیک نذیر احمد وانی کو یہاں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔رنبیر سنگھ کے بقول نذیر احمد وانی نے دو مرتبہ حکومت ہندوستان سے بہادری کا میڈل حاصل کیا ہے۔کشمیرنیوز سروس کے مطابق وادی کشمیر میں آرمی گڈول اسکولوں کے کام کاج پر لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے ایسا ہوتا آرہا ہے کہ ملک مخالف سرگرمیوں سے ان اسکولوں کی سرگرمیوں پر اثر ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن آرمی گڈ ول اسکولوں کے کام کاج کو آگے لیجانے میں ہمارے بچوں، ان کے والدین اور اساتذہ کا اہم رول بنتا ہے جنہوں نے کافی مشکل حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے تعلیم کو بغیر متاثر کئے آگے لیجانے میں اپنا رول ادا کیا۔انہوںنے بتایا کہ آرمی گڈول اسکولوں کا بنیادی مقصد یہی رہا ہے کہ بچوں کو تعلیم کے نور سے آراستہ کیا جائے۔لیفٹنٹ جنرل نے بتایا کہ کشمیر ی بچوں کیساتھ ہماری اُمیدیں وابستہ ہیں۔ کشمیری بچے ہماری اُمید ہے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ مستقبل میں کشمیر بچے سخت محنت کرکے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ کشمیری بچوں کے اندر بیش بہا صلاحیتیں موجود ہیں اور آنے والے وقت میں وہ کشمیری سماج کا اہم عنصر بن کر یہاں کی تعمیر وترقی میں اپنا حصہ ڈال کر ملک کے ساتھ ساتھ ریاست جموں وکشمیر کو بھی ترقی کی اونچائیوں پر لے جائیں گے۔
فوج ضابطہ اخلاق کی پابند: لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ
کارروائیاںپیشہ ورانہ طریقے پرعمل میں لائی جاتی ہیں