بجبہاڑہ ۲۹ ، جون ؍ کے این ایس ؍ پی ڈی پی نے کارکنان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کا عوام دوست اور امن پر مبنی پروگرام عوام تک پہنچانے میں زمینی سطح پر فعالیت کا مظاہرہ کریں۔ پارٹی نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کیلئے اپنی سرگرومیوں میں سرعت لائیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق پی ڈی پی کی طرف سے سنیچر کو یک روزہ کارکنان اجلاس بجبہاڑہ میں زیر صدارت پارٹی نائب صدر عبدالرحمٰن ویری منعقد ہوا جس میں پارٹی لیڈران کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں پارٹی سے وابستہ کارکنان نے شریک رہے۔ڈاک بنگلہ کھنہ بل میں منعقد اجلاس میں پارٹی کی کارکردگی کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لیا گیااور پارٹی کارکنان کو ہدایت کی گئی کہ وہ رواں برس کے آخیر پر منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کیلئے کڑی محنت کا مظاہرہ کریں۔اس موقعے پر پارٹی کے نائب صدر عبدالرحمٰن ویری نے شرکا پرزور دیا کہ وہ اپنی سرگرمیوں میں سرعت پیدا کرتے ہوئے زمینی سطح پر فعالیت اور حساسیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کیلئے آج سے ہی متحرک ہوجائیں۔انہوں نے ورکران پر زور دیا کہ وہ آپسی تال میل اور نظم و ضبط کے ذریعے پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط اور مستحکم بنانے میں اپنا رول ادا کریں۔ویری کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی ہمیشہ سے ہی کشمیر مسئلہ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی وکالت کرتی آئی ہے۔اس سلسلے میں پی ڈی پی نے نئی دہلی پر زور دیا کہ وہ حیت کانفرنس، پاکستان اور دیگر متعلقین کے ساتھ بامعنی بات چیت کا آغاز کریں۔ انہوں نے پارٹی کارکنان کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کی عوام دوست پالیسی اور امن پر مبنی پروگرام عوام میں متعارف کرانے کیلئے اپنی سرگرمیوں میں سرعت لائیں۔
پی ڈی پی سے وابستہ کارکنان اسمبلی انتخابات کیلئے تیار رہیں
ڈاک بنگلہ بجبہاڑہ میں پارٹی اجلاس سے عبدالرحمٰن ویری کا خطاب