سرینگر ۲۹ ، جون ؍ کے این ایس ؍ علاقائی مین اسٹریم سیاسی پارٹیوں نے مرکزی سرکار کی جانب سے جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن کو التوا میں رکھنے کو جمہوریت کش اقدام سے تعبیر کیا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ریاست کی علاقائی مین اسٹریم سیاسی پارٹیوں نے مرکزی سرکار کی جانب سے جموں وکشمیرمیں اسمبلی الیکشن کو منعقد نہ کرانے کو جمہوریت کے منافی قرار دیا ہے۔ سیاسی پارٹیوں کا ماننا ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن کو منعقد نہ کرانا ٹھیک نہیں ہے اور اس سے ملک کی جمہوریت پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے کشمیر سے متعلق بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کا ماننا ہے کہ اس طرح کے طریق کار سے یہ بات عیاں ہوجاتی ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام کو اپنے پسندیدہ نمائنوں کو منتخب کرنے کے عمل سے جبراً محروم رکھا جارہا ہے۔نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے کشمیرنیوز سروس کو بتایا کہ مرکزی سرکار جمہوریت اور اسمبلی الیکشن کو لیکر دہرا معیار اپنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کو وقت پر منعقد نہ کرانے سے یہ بات عیاں ہوجاتی ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام کو جمہوری عمل سے بالجبر محروم رکھا جارہا ہے۔ ساگر کا کہنا تھا کہ اسمبلی الیکشن سے متعلق پہلے ہی کافی تاخیر ہوچکی ہے تاہم گزشتہ دنوں مرکزی وزیر داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں اس میں مزید غیر یقینیت پیدا ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی الیکشن کو رواں برس کے آخیر تک مختلف حیلوں اور بہانوں سے ٹال دینا جمہوریت کی روح کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔ادھر پی ڈی پی کے نائب صدر عبدالرحمٰن ویری کا کہنا ہے کہ لوگوں کو مختلف قسم کے مسائل کا سامنا ہے جن کے ازالے کی خاطر ایک نمائندہ حکومت درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ خوش آئندہ بات ہے کہ ریاست میں الیکشن منعقد ہوں گے تاہم اس میں لیت و لعل اور تاخیر سے عوامی جذبے اور جمہوریت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔اسمبلی الیکشن میں تاخیر واقع ہونے پر کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر کا کہنا تھا کہ بی جے پی سرکار عوام کو یکسر نظر انداز کررہی ہے اور عوام کی طرف سے منتخب حکومت کو وجود میں لانے کیلئے لیت و لعل کا مظاہرہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے جو تاخیری وجوہات اسمبلی الیکشن کے حوالے سے بیان کئے وہ عقل سے پرے ہیں تاہم انہوں نے بتایا کہ انتخابات میں مزید تاخیر پیدا کرنا ریاستی عوام کیلئے ٹھیک بات نہیں ہے۔
اسمبلی انتخابات میں مزید تاخیر پر سیاسی پارٹیاں سیخ پا
مرکزی سرکار کا دہرا معیار عوام اور جمہور یت کش