سیکورٹی کے مثالی انتظامات، شاہراہ فوجی چھاونی میں تبدیل، بیس کیمپ کے ارد گرد خصوصی دستے تعینات
سرینگر ۲۹ ، جون ؍ کے این ایس ؍ سخت سیکورٹی حصار کے بیچ یکم جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا سے ایک دن قبل شردھالوئوں اور سادھوئوں پر مشتمل بڑی تعداد جموں کے یاتری نواس بھگوتی نگر بیس کیمپ سے آج صبح سرینگر کی جانب روانہ ہوں گے جس دوران یاتری اور سادھوئوں پر مشتمل قافلہ پہلگام اور بال تل کے روایتی راستوں سے ہوکر گھپا کے درشن کریں گے۔ ادھر انتظامیہ نے امسال ملک سے آنے والے لاکھوں یاتریوں کو شیو لنگم کا درشن کرانے اور وہاں تک پہنچانے کیلئے ایس آر ٹی سی کی گاڑیوں دستیاب رکھی ہیں جبکہ یاتریوں کی حفظان صحت کیلئے یاتری نواس پر ہی محکمہ صحت کی جانب سے کئی میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں۔ ادھر یاتریوں کی آسانی کیلئے انتظامیہ نے آن سپارٹ رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ معلوم ہوا کہ بھگوتی نگر میں قائم یاتری نواس کے ارد گرد سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس کے خصوصی دستوں کو تعینات کردیا گیا ہے جو راہ گیروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لینے کے علاوہ لوگوں کی نقل و حرکت پر الیکٹرانک آلات کے ذریعے نظر گزر رکھے ہوئے ہیں۔ اس دوران معلوم ہوا کہ یاتریوں پر مشتمل پہلے جھتے کو گورنر کے خصوصی مشیر کے کے شرما انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ سرینگر کی جانب روانہ کریں گے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق یکم جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا شروع ہونے میں کچھ ہی گھنٹوں کا فاصلہ بچا ہے جس دوران ملک کی مختلف ریاستوں سے ہزاروں کی تعداد میں یاتری اور سادھو جموں پہنچ گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ملک بھر کی مختلف ریاستوں سے امسال امرناتھ یاترا میں شرکت کرنے کے لیے لاکھوں کی تعداد میں یاتریوں نے رجسٹریشن کی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ امسال یاترا کو احسن طریقے سے منعقد کرنے اور یاتریوں کی سلامتی اور تحفظ کے حوالے سے پولیس و سیول انتظامیہ نے سیکورٹی کے کڑے بندوبست کئے ہیں جبکہ یاترا سے متعلق آن سپارٹ رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 55دنوں پر محیط سالانہ امرناتھ یاترا کا بال تل سونہ مرگ اور ننہ ون پہلگام کے روایتی راستوں سے باقاعدہ آغازکرنے کے لیے انتظامیہ اور پولیس نے اعلیٰ سطح کے انتظامات ہیں۔ اس دوران یاتریوںکی سلامتی اور تحفظ کے حوالے سے فل پروف سیکورٹی بندوبست کئے گئے ہیں جس دوران مرکز سے فورسز کی اضافی کمک کو طلب کرلیا گیا ہے۔ ذرائع نے کے این ایس کو بتایا کہ امسال یاترا کو بلاخلل منعقد کرنے اور یاتریوں کی حفاظت کے لیے مرکز سے 50ہزار سے زائد فورسز اہلکاروں کا اضافہ دستہ طلب کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی امکانی گڑبڑ سے نمٹا جاسکے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یاترا کو خوشگوار اور پرامن ماحول میں منعقد کرانے کیلئے وادی کشمیر میں تعینات سیکورٹی ایجنسیاں قبل از وقت ہی متحرک ہوچکی ہیں جس دوران پولیس، سی آر پی ایف، فوج، بی ایس ایف سمیت دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران سے کئی مرتبہ خصوصی میٹنگیں منعقد کرکے یاترا سے متعلق سیکورٹی انتظامات کا مفصل جائزہ لیا۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ ملک بھر کی مختلف ریاستوں نے یاتریوں کی بڑی تعداد جموں پہنچ گئی ہے جنہوں نے جموں کے یاتری نواس جموں کے بیس کمیپ اوررام مندر جموں میں ڈھیرا جمایا جہاں انہیں پوجا پاٹ اور بم بم بولے اور ہر ہر مہادیو کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ادھر سیکورٹی ایجنسیوں نے امسال یاتریوں کو تحفظ اور سلامتی کا احساس دلانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا ہے اور کشمیر شاہراہ پر یاتریوں کے قافلوں کی مصنوعی سیاروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا باضابطہ سلسلہ شروع کردیا ہے۔مرکزی حکومت نے ریاستی انتظامیہ کو تعائون دینے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں سیکورٹی اہلکار فراہم کئے ہیں جنہیں یاترا کی حفاظت کیلئے تعینات کردیا گیا جن میں سی آرپی ایف اور آئی ٹی بی پی اہلکار شامل ہیں ۔ادھر جموں کے یاترا نواس کے ارد گرد انتظامیہ نے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات عمل میں لائے ہیں جس دوران یہاں راہگیروں اور چھوٹی بڑی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی کا سلسلہ کئی دنوں سے جاری ہے۔ خفیہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یاتریوں کی سلامتی سے متعلق انتظامیہ نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو خصوصی ہدایات کی ہیں جبکہ جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ کے ارد گرد لوگوں کی نقل و حمل پر نظر گزر رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جارہا ہے۔ادھر انتظامیہ نے یاتریوں کو جموں کے بیس کیمپ سے بال تل اور پہلگام تک پہنچانے کیلئے ایس آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کو کام پر لگادیا ہے۔ اس دوران ذرائع نے کشمیرنیوز سروس کو بتایا کہ یاتریوں پر مشتمل پہلے قافلے کو اتوار کی صبح جموں کے بھگوتی نگرسے گورنر ستیہ پال ملک کے خصوصی مشیر کے کے شرما ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ اس دوران ان کے ہمراہ پولیس و سیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود ہوں گے۔
55دنوں پر مشتمل سالانہ امر ناتھ یاترا کا پہلاقافلہ آج ہوگا روانہ
گورنر کے خصوصی مشیر کے کے شرما دکھائیں گے ہری جھنڈی