اردو صحافت میں یک سالہ ڈپلومہ کورسز شروع

کشمیریونیورسٹی کا تازہ فیصلہ، انجمن اردو صحافت کا اظہار مسرت

اردو صحافت میں یک سالہ ڈپلومہ کورسز شروع

سرینگر ۱، جولائی ؍ کے این ایس ؍ کشمیریونیورسٹی کے شعبہ فاصلاتی تعلیم نے اردو صحافت میں پوسٹ گریجویشن ڈپلومہ کورسزشروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس)کے مطابق کشمیریونیورسٹی کے شعبہ فاصلاتی تعلیم نے سوموار کواردو صحافت میں پوسٹ گریجویشن ڈپلومہ کورسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمکس کی دستخط شدہ آرڈر کاپی میں کہا گیا ہے کہ 30مارچ 2016میں منعقدہ اکیڈمک کونسل کی میٹنگ میں پاس کی گئی قرار داد میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے پرزور تاکید کی گئی کہ وہ جامعہ میںسال 2019-20سے اردو صحافت میں پوسٹ گریجویشن ڈپلومہ کورسز شروع کرنے کے احکامات صادر کریں۔آرڈر کاپی میں خواہش مند طلبا کیلئے درکار تعلیمی قابلیت کا مکمل خاکہ اور مطلوب نشستوں کیساتھ ساتھ فیس کی مکمل تفصیل پیش کی گئی ہے۔اس سلسلے میں ڈین کشمیریونیورسٹی پروفیسر اکبر مسعود کے ساتھ جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مکمل تفصیلات جاننے کیلئے ڈپٹی رجسٹرار کیساتھ رابطہ کرنے کو کہا تاہم ڈپٹی رجسٹرار کے فون کی گھنٹی مسلسل بجنے کے باوجود ان کیساتھ بات نہ ہوسکی۔ادھر اردو صحافیوں کی نمائندہ تنظیم انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر اردو صحافیت کو بلند مقام دلانے کی خاطر مختلف سطحو ں پر سرگرم عمل ہے۔کشمیریونیورسٹی کے تازہ فیصلے پر انجمن نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔ خیال رہے ریاست میں اردو صحافیوں کی نمائندہ تنظیم انجمن اردو صحافت کی جانب سے ریاست میں اردو صحافت کی بقا اور اردو زبان کی ترویج کیلئے کئی سطحو ں پر کام ہورہا ہے۔ انجمن نے اس حوالے سے ریاست بھر میں کام کررہے اردو صحافیوں کو جمع کرکے ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور ان کی قلمی کاوشوں میں نکھار پید اکرنے کیلئے تاایں دم کئی پروگرامات منعقد کئے جن میں ریاست کے معروف اور کہنہ مشق صحافیوں نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دئے۔ حال ہی میں وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے اردو صحافیوں کی تربیت کیلئے سنٹرل یونیورسٹی کے گاندربل کیمپس میں یک روزہ سیمینار منعقد کیا گیا جس کے اختتام پر یورنیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین نے بھی عنقریب یونیورسٹی میں اردو صحافت سے متعلق یک سالہ ڈپلومہ کورسز شروع کرنے کا اعلان کیا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published.