سرینگر ۲، جولائی ؍ کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے زیارت مخدوم صاحبؒ کے ذمہ داروں اور متعلقہ علاقے کے معزز شہریوں کے ساتھ بات چیت کی جس دوران وفد نے این سی لیڈر کو بتایا کہ مخدوم صاحبؒ علاقے میں قائم شیخ کالونی پورے شہر خاص کیلئے وبال جان بن چکی ہے جہاں منشیات کا کاروبارکو بڑے پیمانے پر فروغ دیا جارہا ہے۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگلوار کو اپنی رہائش گاہ پر زیارت محبوب العالمؒ کے ذمہ اروں، مخدوم ویلفیئر کمیٹی کے اراکین اور علاقے کے معزز شہریوں کیساتھ مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ زیارتِ مخدوم صاحب کے گرد و نواح اور ملہ کھاہ کی شانِ رفتہ بحال کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے اور ساتھ ہی علاقے میں ہورہی غیر قانونی سرگرمیوں پر فوری روک لگانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک رول نبھانا چاہئے۔ اس موقعے پر وفد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے کہا کہ مخدوم صاحب علاقے میں قائم شیخ کالونی پورے شہرِ خاص کیلئے وبال جان بن کر رہ گئی ہے۔ مذکورہ کالونی منشیات کا اڑہ بن کر رہ گیا ہے اور ہماری نوجوان نسل تباہی اور بربادی کی اور جارہی ہے۔ وفد نے بتایا کہ اگرچہ حکام اور انتظامیہ کو اس بارے میں کئی بار مطلع کیا گیا لیکن کوئی بھی کارروائی نہیں کی جارہی ہے بلکہ پولیس نے اُلٹا اُن معزز شہریوں اور نوجوانوں کیخلاف ہی کیس دائر کردیا جو منشیات کے ان سرگرم اڑوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ملہ کھاہ قبرستان میں دن دہاڑے منشیات کا استعمال ہورہاہے اور حکام تماشائیوں کا رول نبھا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وفد نے ملہ کھاہ میں غیر قانونی تجاوزات کے بارے میں بھی جانکاری دی اور کہا کہ 875کنال پر محیط یہ تاریخی قبرستان خودغرض اور لالچی لوگوں کی بھینٹ چڑ گیا ہے اور اس میں انتظامیہ برابر شریک ہے۔ وفد نے شیخ کالونی کی منتقل اور ملہ کھاہ کی شانِ رفتہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔کشمیرنیوز سروس کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقعے پر وفد کو یقین دلایا کہ وہ اُن کے مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے حکام کیساتھ ذاتی طور پر معاملہ اُٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ کالونی کی منتقلی اور وہاں کے لوگوں کی بازآبادکاری کا منصوبہ پہلے ہی زیر غور ہے اور کوشش یہی ہے کہ ان لوگوں کو شہر کے نزدیک ہی زمینیں فراہم ہو تاکہ انہیں بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ملہ کھاہ میں قبرستان کی زمین ہڑپنے والوں اور ناجائز تجاوزات کھڑے کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے تاکہ اس تاریخی قبرستان کی شانِ رفتہ بحال ہوسکے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے معزز شہریوں اور نوجوانوں کیخلاف دائر کئے گئے کیسوں کو واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔
ملہ کھاہ کے گرد ونواح میں غیر قانونی سرگرمیاں باعث تشویش
منشیات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں: ڈاکٹر فاروق عبداللہ