بارہمولہ ۲، جولائی ؍ کے این ایس ؍ بارہمولہ پولیس نے سیاحتی مقام گلمرگ میں 23اور24جون کی درمیانی رات گلمرگ گنڈولہ کے دفترمیں51لاکھ روپے کی سنسنی خیزڈکیتی کی بڑی واردات کو محض12دنوں میں بے نقاب کرتے ہوئے کیبل کارکارپوریشن کے ایک ملازم سمیت5ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی ۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے منگلوار کودیگرپولیس حکام کی موجودگی میں گلمرگ میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 23اور24جون کی درمیانی رات گلمرگ گنڈولہ کے دفتر میں ایک بڑی ڈکیتی کاواقعہ رونماہوا،جس دوران نامعلوم چوروںنے اس دفترمیں رکھے گئے ایک لاکرLockerسے مبلغ51لاکھ روپے کی بڑی رقم اُڑالی ۔انہوں نے کہاکہ چوری کی اس سنسنی خیزواردات کے سلسلے میں ایف آئی آرزیرنمبر5/2019زیردفعہ457اور380آرپی سی کے تحت کیس درج کیاگیا۔ایس ایس پی بارہمولہ کاکہناتھاکہ کیس درج کرنے کے بعدڈکیتی کی اس واردات کے حوالے سے تحقیقات شروع کی گئی اوراس مقصدکیلئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ۔انہوں نے بتایاکہ دوران تحقیقات پولیس کی ٹیم نے ضروری قانونی لوازمات کومکمل کرنے کے بعدگلمرگ گنڈولہ کے دفتری کمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی ،اوراس فوٹیج میں ڈکیتی کی واردات رونماہونے سے پہلے اس دفتری کمرے کے آس پاس ہوئی مشکوک نقل وحرکت کاباریک بینی سے جائزہ لیاگیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیادپرایک مشکوک شخص بشیراحمدشاہ عرف ایم ایل اے ولدغلام محمدشاہ ساکنہ گنڈدالوچھ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے نامہ نگاروںکوبتایاکہ گرفتارکئے گئے مشکوک شخص نے دوران پوچھ تاچھ ڈکیتی کی اس واردات میں شامل ہونے کااعتراف کرتے ہوئے سرغنہ سمیت 4دیگرساتھی ملزمان کی نشاندہی بھی کی ۔انہوں نے بتایاکہ پولیس نے فوری حرکت میں آکرڈکیتی کی واردات کے سرغنہ عبدالاحدگنائی (ملازم کیبل کارکارپوریشن) ولدعبدالرحمان ساکنہ ہرد چھلوکے علاوہ عبدالمجیدلون ولدغلام احمدلون ساکنہ چھان پورہ ،امتیازبٹ ولدغلام قادرساکنہ ہردچھلواورمنظوراحمدشیخ ولد محمدعبداللہ ساکنہ چیونٹی پتھری کوبھی حراست میں لیاگیا۔ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم کاکہناتھاکہ سنسنی خیزڈکیتی کے سرغنہ عبدالاحدگنائی نے پولیس کے سامنے اسبا ت کااعتراف کیاکہ اُسی نے شبانہ ڈکیتی کامنصوبہ بنایا،اورباقی ساتھیوں کوگلمرگ گنڈولہ کے دفتری کمرے میں داخل ہوکریہاں سے لاکھوں روپے کی رقم اُڑانے کی ترغیب دی اورساتھی چوروں کوبتایاکہ وہ دوران شب آفس کے کیش روم میں داخل ہوکر ڈکیتی کی واردات کیسے کامیابی کیساتھ انجام دے سکتے ہیں ۔ایس ایس پی نے بتایاکہ پوچھ تاچھ کاعمل مکمل کرنے کے بعدپولیس کی ٹیم نے گرفتارچوروں کی نشاندہی پرگلمرگ گنڈولہ کے آفس سے اُڑائے گئے51لاکھ روپے میں سے ابتک39لاکھ روپے کی رقم برآمدکرنے میں کامیابی پائی ۔ایس ایس پی بارہمولہ نے چوروں کی نشاندہی پربرآمدکئے گئے39لاکھ روپے نامہ نگاروں کودکھاتے ہوئے کہاکہ کیبل کارکارپوریشن کاملازم اس ڈکیتی کاسرغنہ تھااوراسی نے دوران شب یہ بڑی واردات روبہ عمل لانے کامنصوبہ مرتب کیا۔انہوں نے کہاکہ گلمرگ گنڈولہ ڈکیتی کی واردات انجام دینے میں ملوث 2گرفتارملزمان امتیازبٹ اورعبدامجیدلون کیخلاف پہلے ہی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے سلسلے میں کئی ایف آئی آردرج ہیں ۔ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے بتایاکہ سیاحتی مقام گلمرگ میں 12روزقبل دوران شب رونماہوئی چوری اورڈکیتی کی بڑی واردات میں ملوث پانچ ملزمان سے مزیدپوچھ تاچھ جاری رکھی گئی ہے تاکہ گنڈولہ آفس سے اُڑائی گئی51لاکھ روپے کاباقی برآمدکیاجاسکے ۔انہوں نے معروف اورمصروف ترین رہنے والے سیاحتی مقام پرچوری کی واردات رونماہونے کوشرمناک قراردیتے ہوئے کہاکہ گلمرگ میں پولیس کوپہلے سے زیادہ متحرک اورچوکنارہنے کوکہاگیاہے۔
سنسنی خیز ڈکیتی کی بڑی واردات محض12دنوں میں بے نقاب
کیبل کارکارپوریشن کے ملازم سمیت5ملزمان گرفتار