نیشنل کانفرنس ملازمین کے حقوق کی پاسبان: ساگر/ناصر

منڈیٹ ملا تو جائز مطالبات کو پورا کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائیگی

نیشنل کانفرنس ملازمین کے حقوق کی پاسبان: ساگر/ناصر

سرینگر ۳، جولائی ؍ کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے بتایا کہ ہماری پارٹی نے ہی ریاستی ملازمین کے حقوق اور مراعات کا خصوصی خیال رکھا، وقت وقت پر پے کمیشن لاگو کئے اور ملازمین کی سبکدوشی کی حد 55سے 58سال کی اور پھر 58سے 60سال تک بڑھائی۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سے وابستہ ملازمین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی ریاستی ملازمین کے حقوق کی پاسبان جماعت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے وقت وقت پر پے کمیشن لاگو کئے اور ملازمین کی سبکدوشی کی حد پہلے 55 سے 58 سال کی اور پھر 58سے 60سال کیا۔ ریٹائر ملازمین نے اس موقعے پر اپنے مسائل و مشکلات بیان کئے اور خصوصاً پینشن کیس کی عمل آوری میں دیری پر تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں لیڈران نے مذکورہ ریٹائر ملازمین کو یقین دلایا کہ نیشنل کانفرنس کو بھر پور منڈیٹ ملنے کی صورت میں اُن کے تمام جائز مطالبات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ریاست کے ملازمین کے جائز مطالبات کو ہر وقت ترجیحی بنیادوں پر حل کیا کیونکہ ہماری جماعت مانتی ہے کہ ملازمین حکومت سازی کا ایک اہم پہیہ ہے۔ملازمین کے بغیر کوئی بھی انتظامیہ یا حکومت کام نہیں کرسکتی۔پارٹی لیڈران نے کہا کہ اس وقت تمام ملازم انجمنوں کو متحد ہوکر ریاست کی خصوصی پوزیشن کیخلاف ہورہی سازشوں کا ڈٹ کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ دفعہ35اے اور دفعہ370کیخلاف سازشوں کی صورت میں ہماری ریاست کو زبردست چیلنج کا سامنا ہے اور اس کا مقابلہ صرف اور صرف اتحاد اور یک جٹ ہوکر کیا جاسکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.