مبینہ ملک دشمن بیان پر محبوبہ مفتی نشانے پر

قانونی کارروائی کیلئے مجسٹریٹ کی ایس ایس پی جموں کو ہدایت

مبینہ ملک دشمن بیان پر محبوبہ مفتی نشانے پر

جموں ۳، جولائی ؍ کے این ایس ؍ ضلع مجسٹریٹ جموں نے پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف دائر غداری کے ایک مقدمے کی تحقیقات عمل میں لانے کیلئے کیس کو ایس ایس پی جموں کو منتقل کیا گیا۔ عدالت نے ایس ایس کو ہدایت کی ہے کہ وہ معاملے کی باریک بینی سے انکوائری عمل میں لاکر قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ضلع مجسٹریٹ جموں نے منگلوار کو پی ڈی پی صدر اورسابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے رواں برس کے ابتدا میں دئے گئے بیان کے خلاف دائر شکایت کا باریک بینی سے جائزہ لینے کی خاطر ایس ایس پی جموں کو مزید کارروائی کیلئے ہدایت کی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ رواں برس کی 27فروری کو ایک غیر معروف سیاسی کارکن سکیش سی کھجوریہ نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جموں کے پاس پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے خلاف شکایت درج کرائی جس میں کہا گیا کہ سابق وزیر اعلیٰ نے 25فروری 2019کو ایک بیان دیا جس میں امن و قانون کی صورتحال کو زک پہنچنے کا قوی اندیشہ تھا۔ شکایت میں بتایا گیا کہ مذکورہ بیان رنبیر پینل کوڈکی دفعہ 124Aکے صریح خلاف ورزی پر مبنی تھا۔ اس سلسلے میں منگلوار کو غیر معروف سماجی کارکن نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس دئے گئے بیان کا ضلع مجسٹریٹ جموں نے سنجیدہ نوٹس لیا ہے جس کے بعد مزید کی کارروائی کیلئے کیس کو ایس ایس پی جموں کو منتقل کیا گیا ہے۔شکایت میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کا قومی پرچم کیخلاف دئے گئے بیان کا کڑا نوٹس لیا جائے کیوں کہ موصوفہ کے بیان نے قومی عزت و وقار کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کیخلاف سختی کیساتھ نپٹا جائے کیوں کہ انہوں نے علی الاعلان یہ دھمکی دی کہ اگر دفعہ 37Aکے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تو پوری ریاست میں 1947جیسی صورتحال دوبارہ وقوع پذیر ہوگی۔اس سلسلے میں شکایت کا گہرائی سے جائزہ لینے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کیلئے ضلع مجسٹریٹ جموں نے ایس ایس جموں کو مزید کارروائی کی ہدایت کی ہے۔خیال رہے کھجوریہ نے کیس سے متعلق کارروائی کی تفصیلات جاننے کیلئے 30مارچ 2019کو ایک آر ٹی آئی دائر کی تھی جس کے بعد انہوں نے 25جون 2019کو اس کا جواب وصول کیا جس میں ضلع مجسٹریٹ جموں نے واضح کرتے ہوئے بتایا کہ کیس کو مزید کارروائی کیلئے ایس ایس پی جموں کو روانہ کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.