سرینگر ۳، جولائی ؍ کے این ایس ؍ ریاستی انتظامیہ نے امرناتھ یاترا کو بلاخلل جاری رکھنے اور یاتریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اگلے 40دنوں تک قاضی گنڈ سے بانہال تک چلنے والی ریل سروس کو بند رکھنے کے احکامات صادر کئے۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ریاستی انتظامیہ نے منگلوار کو چونکادینے والا فیصلہ لیتے ہوئے قاضی گنڈ سے بانہال تک چلنے والی ریل سروس کو اگلے 40دنوں کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ریاستی انتظامیہ نے سالانہ امرناتھ یاترا کو بلاخلل جاری رکھنے اور یاتریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اگلے 40دنوں تک قاضی گنڈ سے بانہال ٹریک پر ریل سروس کے چلنے پر پابندی عائد کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ریاستی انتظامیہ کے اس تازہ فیصلے کے نتیجے میں قاضی گنڈ سے بانہال ٹریک پر دونوں اطراف سے ریل سروس پر پابندی عائد رہے گی۔سرکاری ذرائع نے کشمیرنیوز سروس کو بتایا کہ مذکورہ ٹریک پر ریل گاڑیوں کی نقل و حرکت صبح 10بجے تا سہ پہر 3بجے تک معطل رہے گی تاہم وادی کے بقیہ ٹریکوں پر ریل گاڑیاں معمول کے مطابق اپنا سفر کرتی نظر آئیں گی۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فیصلے کا بنیادی مقصد یاترا کو بلاخلل جاری رکھنے اور یاتریوں کی سلامتی کو لے کر اُٹھایا گیا ہے۔خیال رہے ریاستی سرکار نے اس سے قبل تازہ آرڈر میں چنینی سے ناشری ٹنل تک یاتریوں کو لیجانے والی گاڑیوں کیلئے 5گھنٹے مختص رکھے ہیں جس دوران سرینگر جموں شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کو گزشتہ ہفتے سے 5گھنٹے روک دیا جاتا ہے ۔ حکومت کے ان فیصلوں سے عوامی و سیاسی حلقوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شاہراہ پر مسافروں کی نقل و حرکت کو بلاخلل جاری رکھنے کیلئے اس طرح کی تدابیر سے گریز کریں اور آج تک لئے گئے تمام فیصلوں کو فوری طور پر منسوخ کریں۔
سالانہ امرناتھ یاترا 2019؛ریاستی سرکار کا تازہ فرمان
قاضی گنڈ سے بانہال ٹریک پر40دنوں تک ریل سروس رہیگی بند