سرینگر ۴، جولائی ؍ کے این ایس ؍ بی جے پی جنرل سیکرٹری اشوک کول کا کہنا ہے کہ پارٹی جموں وکشمیر میں جمہوریت کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے کوشاںہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے ساتھ بات کرتے ہوئے بی جے پی کے جنرل سیکرٹری اشوک کول نے بتایا کہ پارٹی جموں وکشمیر میں جمہوریت کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے کوشاںہے۔سرینگر میں پنچایت راج کنونشن کی تقریب کے حاشیہ پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی جموں وکشمیر میں زمینی سطح پر جمہوریت کو مستحکم اور مضبوط کرنے کیلئے کوشاںہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے زمینی سطح کی صورتحال کو جاننے کیلئے ہر ضلع سے 5سرپنچوں کو طلب کیا ہے تاکہ حالات و واقعات کی آگاہی حاصل کرنے کیساتھ ساتھ مختلف اُمور پر سرپنچوں کیساتھ تبادلہ خیال کیا جائے۔اشوک کول کے مطابق حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی ریاست میں جمہوریت کو مستحکم کرنے پر زور دیا لہٰذا ہم نے ہدایات پر عمل پیرا ہوکر یہاں سرپنچوں کا کنونشن منعقد کیا اور ان سے زمینی صورتحال کی جانکاری حاصل کی۔انہوں نے بتایاکہ میٹنگ کے دوران جو باتیں سامنے آئیں پارٹی انہیں مرکزی سرکار تک پہنچائے گی تاکہ ان پر فوری طور پر عمل کیا جائے۔ بی جے پی لیڈر کا کہنا تھا کہ کنونشن کے دوران حال ہی میں ریاستی سرکار کی جانب سے ’’بیک ٹو ویلیج‘‘ پروگرام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعے پر کنونشن میں موجود سرپنچوں نے مختلف معاملات کو اُٹھاتے ہوئے ان کی جانب مرکزی عہدیداروں کی توجہ پھیر دینے پر زور دیا۔
جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے کوشاں: اشوک کول
سرینگر میں پارٹی سرپنچوں کا کنونشن منعقد، اہم معاملات زیربحث