سرینگر ۴، جولائی ؍ کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حج بیت اللہ پر جارہے عازمین کرام سے پُر زور اپیل کی ،کہ وہ مقدس اور بابرکت شہر مکہ اور مدینہ منورہ میں ایام حج کے دوران کشمیر کو بے چینی سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات دلانے کے علاوہ عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا ، لوگوں کی خوشحالی کیلئے دعا کریں۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو حج بیت اللہ پر جانے والے عازمین سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر میں قیام امن کیلئے دعائیں کریں۔ اُنہوں نے کہا ،کہ اِن پاک شہروں میں اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کی دعائیں قبول کرتا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عازمین سے کہا ،کہ وہ عوام کے مشکلات اور حالات کو مدنظر رکھ کر اللہ کے دربار میں سروسجود ہوکر دعا کرے تاکہ ہمیں موجودہ حالات سے چھٹکارا مل سکے کیونکہ اللہ ہی ہمارے مشکلات دور کرنے والا ہے۔ اُنہوں نے مرکزی حج کمیٹی سے اپیل کی ،کہ وہ عازمین کو مکہ شریف اور مدینہ شریف میں قیام کے دوران تمام بنیادی سہولیات دستیاب رکھنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں تاکہ عازمین کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی حج بیت اللہ پر جانے والوں کو مبارکباد
کشمیر کو بے چینی سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات دلانے کیلئے دعائیں مانگنے کی اپیل