حج 2019: عازمین کی روانگی کا سلسلہ شروع

304عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ سوئے حرم روانہ

حج 2019: عازمین کی روانگی کا سلسلہ شروع

پولیس و سیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے قافلے کو گرمجوشی کیساتھ روانہ کیا
سرینگر ۴، جولائی ؍ کے این ایس ؍ 304عازمین حج پر مشتمل حجاج کرام کا پہلا قافلہ وادی سے مدینہ منورہ روانہ ہوا جس دوران عازمین کوچیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی، ڈپٹی کمشنر سرینگر شاہد اقبال چودھری، ڈپٹی کمشنر بڈگام ڈاکٹر صحرش اصغر، انسپکٹر جنرل آف پولیس سوائم پرکاش پانی، ڈی آئی جی وسطی کشمیر وی کے بردھی سمیت انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے گرم جوشی کیساتھ سفر محمود کیلئے روانہ کیا۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر سے جمعرات کو صبح حج پر جانے والے زائرین کا پہلا قافلہ سعودی عرب کی طرف روانہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح دو اسپائس جیٹ طیاروں میں پولیس و سیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے سرینگر کے شیخ العالم انٹرنیشنل ائرپورٹ سے 304حجاج پر مشتمل پہلے قافلے کو سفر محمود پر گرمجوشی کیساتھ روانہ کیا۔سفر محمود پر جانے والے حجاج کرام پر مشتمل پہلے قافلے میں مرد و خواتین کے علاوہ کئی بچے بھی شامل تھے جنہیں چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی، ڈپٹی کمشنر سرینگر شاہد اقبال چودھری، ڈپٹی کمشنر بڈگام ڈاکٹر صحرش اصغر، انسپکٹر جنرل آف پولیس سوائم پرکاش پانی، ڈی آئی جی وسطی کشمیر وی کے بردھی سمیت انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے ائر پورٹ پر پرتپاک استقبال کرتے ہوئے گرمجوشی کیساتھ جدہ کیلئے روانہ کیا۔اس دوران عازمین حج کو بہتر اور مناسب سہولیات بہم پہنچانے کیلئے انتظامیہ نے بمنہ میں قائم حج ہائوس سے ہوائی اڈے تک اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی خصوصی بسوں کا انتظام کیا تھا جس دوران محکمہ ایس آر ٹی سی کے افسران بھی یہاں عازمین کو بہم رکھی گئی سہولیات کی از خود نگرانی کررہے تھے۔ ادھر انتظامیہ کی طرف سے سفر محمود پر جانے والے حجاج کرام نے بہم رکھے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر سرینگر شاہد اقبال چودھری نے بتایا کہ جمعرات کی صبح سرینگر کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے سے اسپائس جیٹ کے دو طیاروں میں 304عازمین حج کو جدہ کیلئے روانہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کی سہولیات کیلئے حج ہاوس واقع بمنہ میں ہر ممکنہ سہولیات بہم رکھی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے حج پروازوں کا سلسلہ 29جولائی تک جاری رہے گا۔اس موقعے پر ضلع ڈپٹی کمشنر سرینگر شاہد اقبال چودھری نے حج پر جانے والے عازمین کے رشتہ داروں سے اپیل کی کہ وہ حکام کے ساتھ مکمل اشتراک و تعاون کریں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو۔انہوں نے عازمین حج کے اہل خانہ اور دیگر رشتہ داروں پر زور دیا کہ وہ ائرپورٹ تک عازمین کیساتھ آنے سے گریز کریں۔اس دوران چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج ہائوس سرینگر ڈاکٹر عبدالسلام کے مطابق ریاست سے تعلق رکھنے والے 11,700افراد اس سال حج کا فریضہ انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں 750افراد نئی دہلی سے جبکہ باقی تعداد سرینگر سے مقدس سفر کیلئے روانہ ہوں گے۔ادھرسفر محمود پر روانہ ہونے والے عازمین کے ساتھ آئے ہوئے اہل خانہ اور دیگر رشتہ داروں نے حج ہائوس بمنہ میں نعرۂ تکبیر کی صدائیں بلند کی جس کے نتیجے میں یہاں فضا گونج اُٹھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.