سرینگر ۵، جولائی ؍ کے این ایس ؍ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کیساتھ ملاقات کرتے ہوئے انہیں جموں وکشمیر کی سیکورٹی و سیاسی صورتحال کیساتھ ساتھ سالانہ امرناتھ یاترا کو محفوظ طریقے پر انجام دینے سے متعلق سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کی جانکاری فراہم کی۔ وزیر داخلہ نے میٹنگ کے دوران ریاست جموں وکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی تفصیلات بھی فراہم کی۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے انہیں ریاست جموں وکشمیر کی سیاسی و سیکورٹی صورتحال سے آگاہی فراہم کی۔ میٹنگ میں وزیر داخلہ نے اپنے حالیہ دو روزہ دورے کی مکمل تفٰصلات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ ریاست کی پولیس و سیول انتظامیہ کی جانب سے سالانہ امرناتھ یاترا سے متعلق اُٹھائے گئے سیکورٹی انتظامات کی مفصل جانکار ی فراہم کی۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے وزیر اعظم مودی کو سالانہ امرناتھ یاترا سے متعلق انتظامات سے روشناس کرایا۔ اس موقعے پر امیت شاہ نے وادی کشمیر میں فوج و دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے جنگجوئوں کے خلاف کی گئی اب تک کی کارروائیوں کے حوالے سے بھی مکمل جانکاری فراہم کی۔ وزیر داخلہ نے جنگجو مخالف آپریشنوں میں سیکورٹی ایجنسیوں کو مل رہی کامیابیوں سے متعلق بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔وزیر داخلہ نے وزیرا عظم کو بتایا کہ اگرچہ ریاستی سرکار نے بھی سالانہ امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد کیلئے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات اُٹھائے ہیں تاہم اس کے باوجود حالیہ دورے کے دوران وزیرداخلہ نے بھی ریاست کی پولیس و سیول انتظامیہ کو یاتریوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی ہدایت دیں۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ حالیہ دورہ کشمیر کے دوران میں نے سیکورٹی ایجنسیوں پر باور کیا کہ شرپسند عناصر کی کارستانیوں کو ناکام بنانے کیلئے سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان آپسی تال میل انتہائی ناگزیر ہے۔میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ امیت شاہ نے بتایا کہ دورے کے دوران انہوں نے جموں وکشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی کوششوں کو کافی سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ یاترا کو خوشگوار اور پرامن ماحول میں منعقد کرانے کیلئے مزید اقدامات اُٹھائے۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ریاست جموںو کشمیر کی تازہ ترین سیکورٹی و سیاسی صورتحال سے واقف کرایا اور فوج کی جانب سے جنگجو مخالف کارروائیوں کی مفصل جانکاری پیش کی۔وزیر داخلہ نے نریندر مودی پر واضح کیا کہ سالانہ امرناتھ یاترا کو خوشگوار ماحول میں منعقد کرانے اور یاتریوں کی بلاخلل روک ٹوک کیلئے کئی ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں سرینگر جموں شاہراہ پر بم ڈسپوزل اسکواڑ کی تعیناتی اور رکاوٹیں شامل ہیں تاکہ جنگجوئوں کے کسی بھی ممکنہ حملے کو بروقت ناکام بنایا جاسکے۔اس موقعے پر انہوں نے جموں وکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کے حوالے سے بھی جانکاری فراہم کی۔ وزیر داخلہ نے میٹنگ کے دوران وزیر اعظم کو حال ہی میں قائم کئے گئے انٹی کرپشن بیورو کی جانب سے حصولیابیوں سے آگاہی دلائی۔خفیہ ذرائع نے کشمیرنیوز سروس کو بتایا کہ میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر داخلہ کی جانب سے بیان کی گئی حصولیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ امسال سالانہ امرناتھ یاترا بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے پرامن طور پر اختتام پذیر ہو۔
کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر وزیر داخلہ کی وزیر اعظم کیساتھ خصوصی ملاقات
سیکورٹی صورتحال کیساتھ ساتھ سالانہ امرناتھ یاترا اور ترقیاتی پروجیکٹس پر تبادلہ خیال