سرینگر ۶، جولائی ؍ کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ عالم اسلام کیساتھ ساتھ ہندوستان کے مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق کے فقدان سے ہماری حالت کمزور ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپسی یکجہتی کے فقدان سے ہی مسلمانوں کیخلاف ہر سازش اور منصوبہ کامیاب ہوتا نظر آرہا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سنیچر کو کولی پورہ نائوپورہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کیساتھ ساتھ ہندوستان کے مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق کے فقدان سے ہماری حالت کمزور ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپسی یکجہتی کے فقدان سے ہی مسلمانوں کیخلاف ہر سازش اور منصوبہ کامیاب ہوتا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تب تک کامیابی اور کامرانی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے جب تک نہ ہماری صفوں میں اتحاد ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا شیرازہ بکھیرنے میں امریکہ صہیونی طاقتوں کے ساتھ مل کر سیاہ رول نبھا رہے ہیں، مسلمان ممالک میں جاری قتل و غارت کو دیکھ کر ایک ذی حس انسان کا کلیجہ پھٹنے کو آتا ہے،شیر خور بچوں کی لاشیں دیکھ کر انسانیت کانپ اُٹھتی ہے، یہ سب کچھ مسلمانوں کے درمیان پائی جارہی نااتفاقی اور اتحاد کے فقدان کا نتیجہ ہے۔صرف عراق میں ہی 10لاکھ کے قریب لوگ مارے گئے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مسلمانانِ عالم سے اپیل کی کہ وہ آپسی اختلافات دور کرکے ایک پلیٹ فارم پر آکر اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے ایک جُٹ ہوجائیںاور شام میں قتل و غارت گری فوری طور پر بند کرانے میں اپنا رول نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانان بھی اس وقت نازک دور سے گزر رہے ہیں، فرقہ پرستوں کے غلبہ کی وجہ سے اقلتیں عدم تحفظ کا شکار ہوگئیں ہیں۔ بھارتی مسلمانوں کو بھی ایک ہی جھنڈے تلے آنا چاہئے کیونکہ ٹولیوں میں بٹ جانے سے دشمن آسانی سے کامیاب ہوجاتا ہے۔
اتحاد کے فقدان سے مسلمانوں کی حالت کمزور
یکجہتی ہی کامیابی اور کامرانی کی واحد ضمانت: ڈاکٹر فاروق عبداللہ