سرینگر ۶، جولائی ؍ کے این ایس ؍ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے 2016 کی عوامی تحریک کے دوران شہید برہان مظفر وانی سمیت 126شہداء کے علاوہ مزاحمتی تحریک کے دوران آج تک کے جملہ شہداء کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لیے مورخہ 8؍جولائی سوموار کو ریاست گیر ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ مزاحمتی قیادت نے پوری دنیا کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت کو نظرانداز کرکے بھارت نے کشمیر میں نوجوانوں کو طاقت کا جواب دینے کے لیے مجبور کیا اور آج بھی ااس کا یہی طرزِ عمل جاری ہے۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کو موصولہ بیان کے مطابق مشترکہ مزاحمتی قیادت نے 2016 کی عوامی تحریک کے دوران شہید برہان مظفر وانی سمیت 126شہداء کے علاوہ مزاحمتی تحریک کے دوران آج تک کے جملہ شہداء کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لیے مورخہ 8؍جولائی سوموار کو ریاست گیر ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ موصولہ بیان میں پوری دنیا کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت کو نظر انداز کرکے بھارت نے کشمیر میں نوجوانوں کو طاقت کا جواب دینے کیلئے مجبور کیا اور آج بھی اس کا یہی طرز عمل جاری و ساری ہے۔ اگرچہ بھارت کو اس کے سابقہ فوجی جرنیل، بالغ النظر سیاست دان اور دانشور حضرات یہ مشورہ دے چکے ہیں کہ تنازعہ کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، لیکن وہ ہمیشہ یہاں کی عوامی آواز کو دباکر نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کررہا ہے جس کے نتیجے میں روز یہاں نوجوانوں کا لہو بہہ رہا ہے جس کا عالمی برادری کو سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ کوئی بھی قوم اپنی نوجوان نسل کے لہو کی ارزانی کی متحمل نہیں ہوسکتی ہے اور کشمیری قوم بھی جنگ وجدل کے بجائے پرامن ماحول میں اپنی زندگی گزارنا چاہتے ہیں، ہمیں اپنے جوانوں کے مستقبل کی فکر ہے جو یہاں سیاسی ماحول کا دائرہ تنگ پاکر میدانوں اور بیابانوں کا رُخ کرتے ہیں جس سے ان کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ پوری قوم رنج والم کے عالم میں ہے۔ انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر میں جاری تشدد کے ذمہ دار بھارتی حکمرانوں کے غیر حقیقت پسندانہ اپروچ کے باعث مسئلہ کشمیر ایک ایسے دیو کی شکل اختیار کرگیا ہے، جو ہر طرف سے قیمتی انسانی زندگیوں کو نگل رہا ہے، جس سے کسی بھی باشعور انسان کا متفکر ہونا لازمی ہے، اس لیے بھارت کو طاقت کی زبان کے بجائے حقیقت اور زمینی صورتحال کو مدّنظر رکھ کر مسئلہ کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنے میں آگے آنا چاہیے۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے شہید برہان وانی کے علاوہ 2016 کی عوامی تحریک کے دوران 126شہداء سمیت جملہ شہدائے کشمیر کو اپنی مظلوم قوم کی طرف سے شاندار خراج عقیدت ادا کرنے اور دنیائے انسانیت کے سامنے تحریک حقِ خودارادیت کے حق میں اپنے والہانہ لگاؤ اور عقیدت کا واشگاف اظہار کرنے کے لیے 8؍جولائی سوموار ریاست گیر ہڑتال کرنے کی دردمندانہ اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک کمزور قوم کی حیثیت سے بھارت کے بے تحاشا ظلم وجبر کے خلاف اپنی زبردست ناراضگی اور پُرامن احتجاج کرنے کے علاوہ ہمارے پاس اور کوئی چارۂ کار موجود نہیں ہے۔ مزاحمتی قیادت نے ترال کے ملحقہ علاقہ جات کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس روز ترال کے مزار شہداء جاکر شہید برہان مظفر وانی اور جملہ شہدائے کشمیر کے حق میں خراج عقیدت ادا کرنے کے لیے دُعائیہ مجلس کا اہتمام کریں۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر کے اطراف واکناف میں کشمیری عوام سے اپیل کی گئی کہ اس روز شہداء کشمیر کے حق میں دعائیہ مجالس کا اہتمام کرتے ہوئے اس عزم کو دہرائیں کہ شہداء نے جس مقدس مقصد کے لیے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کیا اس مقصد کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
8جولائی کو ریاست گیر ہڑتال کی جائے: مزاحمتی قیادت
بھارتی حکمرانوں کا غیر حقیقت پسندانہ اپروچ خونریزی کی اصل وجہ