شہر خاص میں بجلی اور پینے کے پانی کی شدید قلت

ساگر کا ضلع انتظامیہ سے عوامی مسائل و مشکلات حل کرنے پر زور

شہر خاص میں بجلی اور پینے کے پانی کی شدید قلت

سری نگر 09، جولائی ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے منگلوار کو شہر خاص کے کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے یہاں عوام سے مسائل اور مشکلات کے حوالے سے جانکار ی حاصل کی۔ انہوں نے مسائل کے فوری حل کی خاطر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جنگی بنیادوں پر اقدامات اُٹھاکر عوام کو درپیش مشکلات سے نجات دلائیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے منگلوار کو شہر خاص کے کئی علاقوں جن میں آرم مسجد، بابہ ڈیمب، خانیار، روزہ بل اور بنگلہ دیش سمیت درجنوں علاقوں کا دورہ کیا ۔ دورے کے دوران لوگوں نے ساگر کو اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ لوگوں نے جگہ جگہ پر پینے کے صاف پانی کی شدید قلت، بجلی کی آنکھ مچولی، صحت و صفائی کا فقدان اور ضروریاتِ زندگی کی عدم فراہم سے متعلق شکایات کیں۔انہوں نے لوگوں کے مسائل سنے اور موقعے پر متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کرکے ان کا سدباب کرانے کی تاکید کی۔ اس کے علاوہ لوگوں نے شکایت کی کہ پارکوں اور کمیونٹی ہالوں کی دیکھ ریکھ صحیح ڈھنگ سے نہیں کی جارہی ہے، جس سے اس عوامی سرمایہ کو زبردست نقصان پہنچ رہا ہے۔ این سی جنرل سکریٹری نے انتظامیہ پر زور دیا کہ لوگوں کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور کمیونٹی ہالوں کے علاوہ پبلک پارکوں کی دیکھ ریکھ صحیح ڈھنگ سے کی جائے۔انہوں نے محکمہ بجلی پر زور دیاکہ بجلی کی سپلائی پوزیشن میں بہتری لائی جائے اور صارفین کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے۔ساگر نے پی ایچ ای محکمہ کے حکام سے بھی اپیل کی کہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی سپلائی ہر سطح پر یقینی بنائی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.