کرناہ، اننت ناگ 10، جولائی ؍کے این ایس ؍ کپوارہ کے کرناہ علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو اُس وقت کہرام مچ گیا جب یہاں بجلی شارٹ سرکٹ ہونے کے نتیجے میں 3افراد موقعے پر ہی دم توڑ بیٹھے جبکہ حادثے میں مزید 2افراد زخمی ہوگئے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق شمالی کپوارہ کے کرناہ علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو اُس وقت کہرام اور صف ماتم بچھ گئی جب یہاں بجلی کی ہائی ٹینشن لائن گرجانے کی وجہ سے 3افراد کی موت واقع ہوئی اور مزید 2بری طرح سے زخمی ہوئے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ رات کے 3بجے کرناہ کے ناڑ گائوں میں اچانک بجلی کی ترسیلی لائنیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ٹینشن لائن لو ٹینشن سپلائی لائن پر گرنے کی وجہ سے رہائشی مکانوں کے اندر بجلی شارٹ سرکٹ ہوا جس نے 3افراد کی موقعے پر ہی جان لے لی جبکہ دو دیگر افراد بری طرح سے زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں مرنے والوں کی شناخت 55سالہ عبدالقدیر ولد یعقوب چک، 26سالہ طاہر احمد چک ولد عبدالقدیر چک، 22سالہ قاری نواز احمد چک ولد علی اصغر چک ساکنان ٹنگڈار کے طور پر ہوئی جبکہ 2دیگر زخمیوں کو ضلع ہسپتال ٹنگڈار علاج و معالجے کی غرض سے منتقل کیا گیا۔اس دوران ایس ایچ او کرناہ نسیم احمد نے بتایا کہ ناڑ گائوں میں شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں 3افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ مزید 2افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رات کے دوران علاقے میں تیز ہوائوں کیساتھ ساتھ بارشیں ہورہی تھیں، عین ممکن ہے کہ بجلی کی ترسیلی لائنیں تیز ہوائوں کے نتیجے میں ہی آپس میں ٹکراگئیں ہوں۔ادھر سابق ممبران اسمبلی کرنا کفیل الرحمان، ایڈوکیٹ راجہ منظور کے علاوہ ایم ایل سی جاوید مرچال ، اے آر بڈھانہ، کانگریس لیڈر اصغر علی خان سمیت متعدد سیاسی، سماجی ومذہبی لیڈران نے حادثے میں انسانی جانیں تلف ہونے پر اپنے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ادھر جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں بدھوار کی دوپہر سڑک کے ایک حادثے میں 2افراد جاں بحق جبکہ 18دیگر زخمی ہوگئے۔ معلوم ہوا کہ منی بس زیر نمبر JK03-5707اننت ناگ سے شمسی پورہ کی جانب جارہی تھی کہ اسی دوران بوٹنگو کے نزدیک گاڑی سڑک سے لڑھک گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2افراد موقعے پر ہی از جان ہوئے جبکہ دیگر 18افراد زخمی ہوگئے جنہیں مقامی لوگوں نے علاج و معالجے کی خاطر نزدیکی ہسپتالوں کو منتقل کردیا۔
کرناہ میں بجلی شارٹ سرکٹ سے 3 افراد کی موت ، 2زخمی، علاقے میں کہرام
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں سڑک حادثہ،2جاں بحق،18زخمی