ایاز اکبر کوانسانی بنیادوں پر رہا کیا جائے: پی ڈی پی

اقدام سے سازگار ماحول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی

ایاز اکبر کوانسانی بنیادوں پر رہا کیا جائے: پی ڈی پی

سری نگر 10، جولائی ؍کے این ایس ؍ پی ڈی پی نے حریت (گ) ترجمان ایاز اکبر کی رہائی کیلئے گورنر ستیہ پال ملک پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موصوف کی اہلیہ ایک موذی مرض میں مبتلا ہے لہٰذا اُن کے خاوند کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا جانا چاہیے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق پی ڈی پی نے حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان ایاز اکبر جو گزشتہ برس سے تہار جیل میں مقید ہے، کی فوری رہائی کیلئے گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کی ہے۔ پی ڈی پی کا کہنا ہے کہ ایاز اکبر کی اہلیہ خطرناک مرض میں مبتلا ہے تاہم موصوف تہار جیل میں گزشتہ برس سے مقید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایاز اکبر اپنی بیمار اہلیہ کی خبرگیری کرنے سے قاصر ہے لہٰذا ریاستی سرکاراپنے اثر ورسوخ کو بروئے کار لاکر حریت لیڈر کو انسانی بنیادوں پر رہا کرے۔پی ڈی پی نے کہا ہے کہ حریت لیڈر کی اہلیہ زندگی کی جنگ لڑرہی ہے جس دوران انہیں اپنے خاوند کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا موصوف کے کنبے نے پہلے بھی گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی تھی اور فی الوقت پورا کنبہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار کو چاہیے کہ وہ موصوف کو انسانی بنیادوں پر رہا کرکے موصوف کے کنبے جو کہ اضطرابی کیفیت سے دوچار ہے، کو کسی حد تک راحت پہنچائے۔پی ڈی پی ترجمان کے بقول قانون میں اس قسم کی گنجائش موجود ہے جہاں اس طرح کی صورتحال سے سابقہ پیش آجائے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرحکومت ایاز اکبر کو انسانی بنیادوں پر رہا کرتی ہے تو اس سے ساز گار ماحول کو یقینی بنانے میں کافی مدد ملے گی جو کہ ریاست کی تعمیر و ترقی اور امن کے مفاد میں ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.