شاہراہ پر پابندی کی خبریں افواہ بازی: بصیر احمد خان

صرف ٹریفک نظام میں تبدیلی لائی گئی ، آنے والے دنوں میں اُس میں بھی ترمیم ہوگی

شاہراہ پر پابندی کی خبریں افواہ بازی: بصیر احمد خان

سری نگر 10، جولائی ؍کے این ایس ؍ صوبائی کمشنر کشمیربصیر احمد خان نے سرینگر جموں شاہراہ پر یاترا کے دوران عام لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی کو افواہ بازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پر عام لوگوں کے چلنے پھرنے پر کوئی بھی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ پر حد سے زیادہ ٹریفک کا دبائو ہے لہٰذا اُس کو کم کرنے کی خاطر ٹریفک نظام میں کچھ تبدیلیاں عمل میں لائی گئی جو آنے والے دنوں میں آہستہ آہستہ کم ہوں گی۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے بدھوار کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینگر جموں شاہراہ پر یاترا کے دوران عام لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی کو محض افواہ بازی قرار دیا۔ خان کا کہنا تھا کہ امرناتھ یاترا کی مدت کے دوران سرینگر جموں شاہراہ پر کوئی بھی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یاترا کی مدت اور اوقات کار کے دوران سرینگر جموں شاہراہ پر عام لوگوں کے چلنے پھرنے پر کسی بھی طرح کی مکمل پابندی عائد نہیں ہے بلکہ یاترا کو لیجانے والی گاڑیوں کی بلال خلل آواجاہی کیلئے انتظامیہ نے ٹریفک سسٹم میں تبدیلی لائی ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ من گھڑت باتوں اور افواہ بازی پر کان نہ دھریں۔ خان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں شاہراہ پر ٹریفک سسٹم کے قواعد و ضوابط میں مزید ترمیم کی جائیگی۔صوبائی کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ انتظامیہ نے شاہراہ پر جو وقتی طور پابندی عائد کی ہے اُس کا اصل مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر یاترا کے دوران انتظامیہ کی جانب سے جو بعض پابندیاں عائد کی گئیں اُن کا مقصد عام لوگوں کو تکلیف پہنچانا نہیں بلکہ ناخوشگوار واقعے کو ٹالنا ہے۔سرینگر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران صوبائی کمشنر کے ہمراہ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون سوائم پرکاش پانی بھی موجود تھے۔بصیر احمد خان کا کہنا تھا کہ سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کا کافی دبائو ہے لہٰذا انتظامیہ نے یاترا کی مدت کے دوران ٹریفک دبائو کو کم کرنے کیلئے چند اقدامات اُٹھائے تاکہ یاتریوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر آنے والے دنوں میں ٹریفک کا دبائو آہستہ آہستہ کم ہوگا جس کا فائدہ عام لوگوں کو بھی پہنچے گا۔انہوں نے بتایا کہ سرینگرجموں شاہراہ پر سیکورٹی اعتبار سے بعض خدشات پائے جارہے تھے جن کے نتیجے میں انتظامیہ نے اس طرح کے اقدامات اُٹھائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.