سری نگر 11، جولائی ؍کے این ایس ؍ گورنرستیہ پال ملک کا کہنا ہے کہ سالانہ امرناتھ یاترا کا انعقاد سیکورٹی فورسز نہیں بلکہ کشمیری عوام ممکن بناتے ہیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق گورنر ستیہ پال ملک کا کہنا ہے کہ سالانہ امرناتھ یاترا کا انعقاد سیکورٹی فورسز نہیں بلکہ کشمیری عوام ممکن بناتے ہیں۔گورنر نے بتایا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیکورٹی فورسز سالانہ امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد کیلئے دن اور رات کام کررہے ہیں تاہم یہ بات بھی ناقابل تردید ہے کہ کشمیری عوام سالانہ امرناتھ یاترا کو منعقد کرانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔سالانہ امرناتھ یاترا میں مقامی کشمیریوں کی اہمیت و افادیت پر بات کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ پولیس اور سیول انتظامیہ یاترا کو بلاخلل جاری رکھنے کیلئے دن اور رات کام کررہے ہیں تاہم مقامی کشمیری ہی اصل میں اس یاترا کو کامیاب بنانے کے محرک ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے یاتریوں کی سہولیات کیلئے بیشتر مقامات پر خصوصی کیمپس کو قائم کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں جس سے لوگ بہت خوش ہوئے ہیں۔ میں اُمید کرتا ہوں لوگوں میں اس طرح کی خوشی اور مسرت یاترا کے آخر تک برقرار رہے۔گورنر ستیہ پال ملک کا کہنا تھا کہ یہ اتفاق کی ہی بات ہے کہ ایک طرف مسلمان حج کی ادائیگی کیلئے کمر بستہ ہے تو دوسری طرف سالانہ امرناتھ یاترا کو انجام دینے کیلئے ہندو برادری کے لوگوں میں بھی خوشی کا سماں ہے۔ دونوں یاترائیں ساتھ ساتھ منعقد ہورہی ہے۔ حاجی صاحبان مکہ کیلئے روانہ ہورہے ہیں جبکہ یاترا ملک بھر کی ریاستوں سے گھپا کی طرف سفر کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں یاترائوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں انتظامیہ نے شاہراہ پر ٹریفک دبائوکو کم کرنے کیلئے کچھ قواعد و ضوابط کو منظوری دی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ پوری آبادی کیلئے شاہراہ پر نقل و حرکت کرنے میں پابندی ہے۔انتظامیہ میں مختلف محکموں میں رکی پڑی فائلوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں گورنر ستیہ پال ملک کا کہنا تھا کہ میں اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کررہاہوں تاکہ انتظامیہ میں شفافیت اور جوابدی کا احساس اُجاگر ہو۔ گورنر کا کہنا تھا کہ ریاستی انتظامیہ اس سلسلے میں کام پر لگی ہوئی ہے اور عنقریب ایک ایسا ڈیجیٹل ایپ شروع کیا جائے گا جس کے ذریعے سائل فائل کا مقام بہ آسانی تلاش کرسکے گا۔محکمہ ویجی لینس کی جانب سے کی گئی کارروائیوں پر ایک سوال کے جواب میں گورنر کا کہنا تھا کہ جن سرکاری ملامین کیخلاف مقدمات درج ہے اُن کیخلاف حتمی کارروائی کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔
فورسز نہیں کشمیری یاترا کو کامیاب بنانے کے محرک: گورنر ایس پی ملک
فائل لوکیشن کیلئے عنقریب خصوصی ایپ جاری کی جائیگی