شہدائے کشمیر نے ہمارے راستے آسان کردئے

نیشنل کانفرنس ہنوز شہدائے وطن کے پاک مشن پر گامزن: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

شہدائے کشمیر نے ہمارے راستے آسان کردئے

سری نگر 12، جولائی ؍کے این ایس ؍ 1931کے شہیدوں کو خراج عقیدت اداکرتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی دی ہوئی قربانیوں کی روشنی میں ہمیں اپنے مستقبل کیلئے عزم ایثار اور بے لوث خدمت کا اعلیٰ معیار قائم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس آج بھی1931کے شہدا کے چھوڑے ہوئے مشن پر گامزن ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے 1931کے شہدا کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کشمیر کی دی ہوئی قربانیوں کی روشنی میں ہمیں اپنے مستقبل کیلئے عزم ایثار اور بے لوث خدمت کا اعلیٰ معیار قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ آزادی سے قبل شخصی راج کے خلاف جدجہد میں عوام نے بے پناہ ہمت اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا تھا اور یہ قربانیاں اُسی جذبے کی علامت ہیں اور یہ تاریخ حریت کشمیر کا ایک عظیم ورثہ ہیں۔ اُن کے خون کا ایک ایک قطرہ ہماری خودداری ، آزادی اور آبرو کا ضامن ہے۔ یہ خون ہم پر ایک قرض ہے۔ شہیدوں نے ہماری راہوں کو آسان بنادیا تھا اور ہماری تنظیم نیشنل کانفرنس اِن ہی قربانیوں کی پیداوار ہے اور اِس تنظیم کے جھنڈے تلے یہاں کے عوام قربانیوں کے اِس مسلسل عمل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ آج جب ہماری قوم کے سامنے ڈھیر سارے مسائل نئی شکل وصورت میں ظاہر ہوگئے ہیں، ہمیں اِن مسائل سے نپٹنے میں انتہائی سوجھ بوجھ، عزم واستقلال اور جوانمردی سے کام لینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آیئے ہم سب ساتھ چل کر اپنے شہیدوں کے چھوڑے ہوئے نقوش اور مشن کو اپنی نظروں کے سامنے رکھیں اور قوم کی ستم ظریفی ، مصائب اور مشکلات سے نجات دِلانے کیلئے کوشان رہیں۔ادھر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ شہیدوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہی ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو جمہوری حقوق نصیب ہوئے ہیں۔ اُن کی ترقی کیلئے نئی راہیں کھل گئی ہیں۔ اُنہوں نے عوام سے تلقین کی ،کہ شہیدوں کی امانت جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کو مضبوط ومستحکم کریں۔ دریں اثنا پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ شہیدوں کے مشن کو آگے لیجانے کیلئے متحدہ رہ کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ شہدا کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے دونوں لیڈران نے کہا ،کہ اِن شہدا کی قربانیوں کی طفیل ہمیں ریاست سے جاگیرداری کا خاتمہ کرنے کا موقعہ ہاتھ لگا تھا اور نیا کشمیر پروگرام پر چل کر اقتصادی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کا وقت ملا تھا۔ اُنہوں نے کہا ،کہ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس شہدائے کشمیر کے مشن کو آگے لیجانے کیلئے واحد ضمانت ہے۔ ہماری راہوں کو پیچیدہ بنانے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ لیکن ہم شہیدوں کے مشن کو پایہ تکمیل تک لیجانے کا عزم کر رکھا ہے اور ہم ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوجائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.