سری نگر 16 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ پروفیسر رگوویندر تنوار نے ’’بی کلیئر کشمیر ول ووٹ فار انڈیا: جموں اینڈ کشمیر1947-1953‘‘ نامی کتاب کی رسم رونمائی کے موقعے پر دعویٰ کیا کہ کشمیر میں رائے شماری کے حوالے سے کبھی بھی کوئی سنجیدہ مطالبہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اپنی کتاب میںبھارت کو صلح دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُسے کشمیر میں رائے شماری کرانے میں خوف محسوس نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ جموں وکشمیر کے عوام بھارت کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں گے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق پروفیسر رگوویندر تنوار نے اپنی تصنیف ’’بی کلیئر کشمیر ول ووٹ فار انڈیا: جموں اینڈ کشمیر1947-1953‘‘کی رسم رونمائی کے موقعے پر اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ کشمیر میں کبھی بھی رائے شماری کے حوالے سے سنجیدہ مطالبہ نہیںکیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے رائے شماری کے مطالبے کی تحریک لارڈمائونٹ بیٹن کے ذریعے سے حاصل کی۔پروفیسر راگووندر کی تصنیف کی رسم رونمائی نئی دہلی کے نہرو میموریل میوزیم میں منگلوار کی شام منعقد کی گئی جس میں وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر روگووندر نے بتایا کہ کشمیر بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے جس میں کوئی دورائے نہیں ہے۔ انہوں حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈٹ جواہر لعل نہرو نے اُس وقت کے ریاستی وزیر اعلیٰ کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے حوالے سے رائے شماری کا مطالبہ صحیح نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت یہ رائے سامنے رکھی گئی کہ صرف تین دن کے اندر اندر رائے شمالی کے مطالبے کو روبہ عمل لانے کیلئے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے ساتھ رابطہ کیا جائے۔ پروفیسر نے بتایا کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان جو مکالمہ ہوا وہ صیغہ راز میں ہی رہا اور اسے کبھی بھی عوام کے سامنے منکشف نہیں کیا گیا۔خیال رہے پروفیسر رگوویندر تنوار نے اس سے قبل پنجاب کے بٹوارے پر بھی قلم اُٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک کشمیری عوام کا تعلق ہے انہیں ہندو اور مسلمان کی تفریق سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔پروفیسر کے بقول 1909میں کی گئی سروے کے مطابق نام نہاد مسلمان دل سے خود کو ہندو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب پاکستانی فوج نے 1947-48میں چڑھائی کی تھی تب کشمیریوں نے انہیں یکسر مسترد کردیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بتایا کہ ملک کا بٹوارہ ایک تاریخی غلطی ہے۔انہوں نے کہا کہ بٹوارہ عوامی مطالبہ نہیں تھا بلکہ یہ ایک تاریخی غلطی ثابت ہوئی۔بٹوارے کا مطالبہ صرف چند عناصر کی طرف سے کیا گیا۔ڈاکٹر جتندر سنگھ کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کا آئین یہ واضح طور پر کہا ہے کہ ریاست بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے اور رہے گا۔
کشمیریوں نے کبھی بھی رائے شماری کا مطالبہ نہیں کیا: پروفیسر رگوویندر تنوار
ملک کا بٹوارہ تاریخیٰ غلطی،کشمیر ناقابل تنسیخ حصہ:ڈاکٹر جتندر سنگھ