سرینگر 16 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ سالانہ امرناتھ یاترا کا 15واں قافلہ منگلوار کی صبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے گھپا کے درشن کیلئے کشمیر کی جانب روانہ ہوا جس میں 3967یاتری شامل تھے۔ اس دوران معلوم ہوا کہ جموں کے بیس کیمپ سے کل ملاکر 75ہزار597یاتریوں نے گھپا کے درشن مکمل کئے جبکہ سرکاری ذرائع کے مطابق جموں سمیت دیگر ذرائع سے کل ملاکر1لاکھ94ہزار488یاتریوں نے شیولنگم کے درشن مکمل کئے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے منگلوار کی صبح یاتریوں پر مشتمل 15واں قافلہ روانہ ہوا جس میں کل ملاکر 3967یاتری شامل تھے، نے گھپا کی درشن کیلئے کشمیر کی جانب روانگی شروع کی۔اس دوران یاترا کی حفاظت کیلئے انتظامیہ نے سیکورٹی کے کڑے انتظامات عمل میں لائے تھے جس دوران جموں کے بیس کیمپ کے ارد گرد علاقوں میں سی آر پی ایف اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منگلوار کی صبح جموں کے بیس کیمپ سے 165گاڑیوں میں 3967یاتری سیکورٹی کے کڑے حصار میں پہلگام اور بل تل کی جانب روانہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ قافلہ سرینگر جموں شاہراہ کو پار کرکے شام دیر گئے تک پہلگام اور بال تل پہنچنے میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جو قافلہ پہلگام کے راستے گھپا کے درشن کریگاوہ 2352یاتریوں پر مشتمل ہوگا جس میں 455خواتین، 35بچوں کے علاوہ 121سادھو شامل ہیں جبکہ بال تل کے راستے سفر کرنے والے یاتریوں کی تعداد 1615ہیں جن میں 485خواتین اور18بچے شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے اب تک کل ملاکر 75ہزار597یاتریوں نے پہلگام اور بال تل کے راستے سفر کرتے گھپا کے درشن مکمل کئے جبکہ دیگر ذرائع سے یہ تعداد 1لاکھ94ہزار488تک پہنچ چکی ہے۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ منگلوار کی شام تک جو یاتری گھپا کے درشن مکمل کریں گے وہ 2لاکھ سے تجاوز کریگی۔خیال رہے امسال سالانہ امرناتھ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوئی جو 46دنوں پر مشتمل ہوگی اور 15اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سال 2015،2016،2017اور 2018میں بالترتیب 352771،320490،260003اور 285006یاتریوں نے وادی وارد ہوکر گھپا کے درشن کئے۔
3967یاتریوں پر مشتمل 15واں قافلہ گھپا کی جانب روانہ
اب تک 1لاکھ94ہزار488یاتریوں نے شیولنگم کے درشن مکمل کرلئے