شہر خاص کے کلیدی پروجیکٹوں پر کام ٹھپ

گورنر انتظامیہ کے دعوے محض کاغذی گھوڑے : ساگر

شہر خاص کے کلیدی پروجیکٹوں پر کام ٹھپ

سرینگر 17 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ گورنر انتظامیہ کے تعمیر و ترقی کے دعوئوں کو محض کاغذی گھوڑے قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا ہے کہ شہر خاص کے کلیدی پروجیکٹوں پر کام رکا پڑا ہے اور اگر کہیں خدانہ خواستہ کام چل بھی رہا ہے تو وہ سست روی سے ہورہا ہے۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے بدھوار کو شہر خاص کے کئی علاقوں کے دورے کے دوران مختلف مقامات پر مقامی لوگوں سے تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ لوگوں نے بجلی، پینے کے پانی اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی عدم دستیاب کے علاوہ گلی کوچوں کی خستہ حالی اور روز مرہ زندگی کے دیگر معاملات کے بارے میں بھی شکایت کی۔ ساگر نے موقعے پر یہ معاملات متعلقہ حکام کیساتھ اٹھائے اور ان کا سدباب کرانے کی تاکید کی۔ تعمیر و ترقی کے کاموں کی سست رفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے این سی جنرل سکریٹری نے کہا کہ فائنانس اور پلاننگ محکموں کی منظوری کے باوجود بھی بہت سارے پروجیکٹ پر ایک عرصے سے کام شروع نہیں ہورہا ہے اور اگر کسی پروجیکٹ پر کام جاری ہے تو وہ سست رفتاری کے ساتھ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابہ ڈیمب پروجیکٹ، جامع مسجد کی توسیع، نقشبند صاحبؒ پروجیکٹ اور دستگیر صاحبؒ پروجیکٹ پر بھی کام رکا پڑا ہے۔ باغ علی مردان میں شیر کشمیر کالج کا تعمیراتی کام مکمل نہیں ہورہا ہے۔ علی محمد ساگر نے کہا کہ حکومتی سطح پر بڑے بڑے دعوے کئے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر عملدآمد کہیں نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے ریاستی گورنر شری ستہ پال ملک اور اُن کے مشیروں پر زور دیا کہ وہ ذاتی دلچسپی لیکر پہلے سے ہی منظور شدہ پروجیکٹوں پر کام شروع کروائیں اور زیر تعمیر پروجیکٹوں کے کام میں سرعت لانے کیلئے احکامات صادر کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.