انٹرنیٹ اور تعلیمی ادارے احتیاطی طور پر بند
سوپور 17 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ شمالی کشمیر کے گنڈ براٹھ سوپور علاقے میں فوج اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں لشکر طیبہ سے وابستہ جنگجو جاں بحق ہوا ہے جس کے قبضے سے پولیس نے اسلحہ وگولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ادھر علاقے میں جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی انتظامیہ نے سب ڈیوژن سوپور میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو معطل کرنے کے علاوہ یہاں تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کے سلسلے پراگلے احکامات تک روک لگائی۔ اس دوران جھڑپ کے دوران نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے سڑکوں پر نکل کر یہاں موجود فورسز اہلکاروں پر سنگ باری کی تاہم فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے چند ٹیر گیس کے شل داغے جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔ اس دوران علاقے میں جنگجو کی ہلاکت کیخلاف بدھوار کو مکمل ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں یہاں معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں جبکہ سڑکوں سے ٹریفک کی نقل و حرکت بھی غیر معمولی طور پر متاثر رہی۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق شمالی کشمیر کے گنڈ براٹھ سوپور علاقے میں بدھوار کی صبح اُسوقت حالات کشیدہ ہوئے جب یہاں فوج اور جنگجوئوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کو گنڈ براٹھ علاقے میں 2سے 3جنگجوئوں کے چھپے ہونے کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد فوج کی 22آر آر، جموں کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف کی مشترکہ جمعیت نے علاقے کا بدھوار کی صبح محاصرہ عمل میں لاکریہاں چھپے بیٹھے جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ پولیس کے مطابق علاقے میں تلاشی کارروائی کا سلسلہ ابھی جاری ہی تھا کہ اسی اثنا میں نزدیکی مکان میں پناہ لئے ہوئے جنگجوئوں نے فورسز پر شدید فائرنگ کی اور یہاں سے فرار ہونے کی حتی الامکان کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگجوئوں کی فائرنگ کے بعد فورسز نے بھی مورچہ سنبھالتے ہوئے مکان کے ارد گرد گھیرائو تنگ کرتے ہوئے علاقے میں فورسز کی مزید کمک کو طلب کرلیا ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں بدھوار کی صبح فورسز کی مختلف ٹکڑیوں نے داخل ہوکر یہاں گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا تاہم اس دوران گائوں میں گولیوں کی گن گرج سنائی دی جس کے ساتھ ہی یہاں طرفین کے درمیان جھڑپ کا آغاز ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ گائوں میں گولیوں کی آواز سنائی دینے کے ساتھ ہی یہاں فورسز کی اضافی ٹکڑیوں کو اندرون و بیرون رابطہ سڑکوں پر تعینات کیا گیا اور کسی بھی شخص کو گھر سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ادھرایس ایس پی سوپور نے بتایا کہ براٹھ سوپور علاقے میں مصدقہ اطلا ع ملنے کے بعد محاصرہ عمل میں لایا گیا جہاں تلاشی کارروائی جاری ہے تاہم پولیس نے سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ علاقے میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا تاہم علاقہ ہنوز فورسز کے کڑے پہرے میں ہے۔اس دوران معلوم ہوا کہ علاقے میں طرفین کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہونے کے بعد سکوت چھاگیا جس کے بعد فورسز نے جائے جھڑپ کے ارد گرد تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ جھڑپ اختتام پذیر ہونے کے بعد ایس ایس پی سوپور نے کہا کہ علاقے میں گولیوں کا تبادلہ تھم گیا ہے تاہم جائے جھڑپ سے فورسز نے ایک جنگجو کی لاش ہتھیاروں سمیت برآمد کرلی ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ علاقے میں تلاشی کارروائی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ مار ا گیا جنگجو لشکر طیبہ سے وابستہ ہے جس کی شناخت بارہمولہ کے رہنے والے عدنان چنا کے طور پر ہوئی۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مار اگیا جنگجو ارجمند بٹ نامی عام شہری کی ہلاکت میں ملوث ہے۔ ادھر علاقے میں جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی انتظامیہ نے سب ڈیوژن سوپور کے تحت آنے والے علاقوں میں بے لگام افواہ بازی پر روک لگانے کی خاطر موبائل انٹرنیٹ سروس کو اگلے احکامات تک معطل رکھنے کے حکم نامہ صادر کیا۔ انتظامیہ نے ممکنہ احتجاجی مظاہروں پر قابو پانے کی خاطر قصبہ سوپور کے تحت آنے والے تعلیمی اداروں میں بھی درس و تدریس کا عمل بند رکھنے کے احکامات صادر کئے۔ اس دوران جھڑپ کے دوران علاقے میں نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے سڑکوں پر نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے اسلام و آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اس موقعے پر فورسز کارروائی میں رخنہ ڈالنے کیلئے جائے جھڑپ کی جانب پیش قدمی کرنے کی کوشش کی جسے یہاں موجود اہلکاروں نے ناکام بنایا۔ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی خاطر آنسو گیس کے کئی گولے داغے جس کے بعد فورسز مظاہرین کو منتشر کرنے میں کامیاب ہوئے۔ علاقے میں جنگجو کی ہلاکت کے خلاف بدھوار کو مکمل ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں یہاں معمول کی سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ گنڈ براٹھ سوپور میں جنگجو کی ہلاکت کی خبر جونہی ملحقہ علاقوں میں پھیل گئی تو یہاںآناً فاناً دوکانات اور تجارتی ادارے بند ہونے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی نقل و حمل بھی غیر معمولی طو رپر متاثر ہوئی۔
گنڈ براٹھ سوپور میں مسلح تصادم آرائی
لشکر طیبہ سے وابستہ جنگجو جاں بحق، ہتھیار ضبط: پولیس