وکرم آدتیہ سنگھ کا بیان تحقیرانہ، شرانگیز اور فرقہ پرستی پر مبنی: پی ڈی پی

کانگریس دوغلی پالیسی کے بجائے اپنا مؤقف واصح کریں: ہانجورہ

وکرم آدتیہ سنگھ کا بیان تحقیرانہ، شرانگیز اور فرقہ پرستی پر مبنی: پی ڈی پی

سرینگر 18 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ پی ڈی پی نے 1931کے شہدا کے متعلق وکرم آدتیہ سنگھ کے ریمارکس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تحقیرانہ، شرانگیز اور فرقہ پرست ذہنیت کی عکاس قرار دیا۔پارٹی نے کانگریس پر برستے ہوئے کہا کہ وہ ڈرامہ بازی کا سہارا لے کر ایک طرف مزار شہدا جاکر فاتحہ خوانی میں حصہ لیتی ہے تو دوسری جانب انہی شہدا کی تحقیر کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتی۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق پیپلز ڈیموکریک پارٹی نے شمالی کشمیر میں پارٹی کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات جاننے اور آگے کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے جمعرات کو پارٹی کے نائب صدر عبدالرحمٰن ویری کی صدارت میں ایک خصوصی میٹنگ منعقد کی جس میں شمالی کشمیر میں پارٹی کارکنوں کی زمینی سطح پر کارکردگی سے واقفیت حاصل کرنے اور آگے کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کرنے پر توجہ مرکز کی گئی۔اس موقعے پر وکرم آدتیہ سنگھ کی جانب سے 1931کے شہداء کیخلاف ادا کئے گئے ریمکار س پر پارٹی نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے تحقیرانہ، شر انگیز اور فرقہ پرست ذہنیت کی عکاس قرار دیا۔پارٹی ترجمان کے بقول ، نائب صدر عبدالرحمٰن ویری نے جمعرات کو شمالی کشمیر کی صورتحال سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے خصوصی میٹنگ کی صدارت کی جس میں شمالی کشمیر سے وابستہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کے علاوہ ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کے تحفظ اور ریاستی مفادات کی حفاظت کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔میٹنگ کے دوران اس بات کو اُجاگر کیا گیا کہ مخلوط حکومت میں رہنے کے باوجود پارٹی نے کس طرح ریاستی مفادات کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اپنا منصبی کردار ادا کیا۔ترجمان کے مطابق میٹنگ کے دوران شرکا پر باور کرایا گیا کہ مخلوط حکومت جس کا بی جے پی حصہ تھی، کے دوران کس طرح پی ڈی پی نے دفعہ 35Aکی حفاظت کیلئے ملک کے نامور وکلا کی خدمات کو حاصل کرتے ہوئے خصوصی پوزیشن کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔پارٹی کے نائب صدر عبدالرحمٰن ویری نے میٹنگ کے دوران شرکار پر زور دیا کہ فی الوقت اس بات کی ضرورت ہے کہ زمینی سطح پر پارٹی کو کیسے مضبوط کیا جائے۔اس موقعے پر پارٹی کے جنرل سیکرٹری غلام نبی ہانجورہ نے وکرم آدتیہ سنگھ کی جانب سے 1931کے شہداء کے متعلق دئے گئے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ہانجورہ نے وکرم آدتیہ سنگھ کے بیان کو تحقیرانہ، شر آنگیزاور فرقہ پرستانہ سوچ کی عکاس قرار دیا۔وکرم آدتیہ سنگھ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے غلام نبی ہانجورہ نے کہا کہ کانگریس لیڈر کو پہلے تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیے اور اس بات کو جاننے کی کوشش کرنی چاہیے کہ کن مقاصد کی خاطر 1931کے شہدا نے اپنی عظیم جانوں کی قربانیاں پیش کی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر کے بیان ان کی فرقہ پرستانہ سوچ واضح ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کانگریس پارٹی پر برستے ہوئے کہا کہ انہیں ان ریمارکس کے حوالے سے اپنا مؤقف عوام کے سامنے لانا چاہیے کیوں کہ ایک طرف کانگریس لیڈارن ڈرامہ بازی کا سہارا لے کر 1931کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کا اہتمام کرتی ہے اور دوسری جانب پارٹی کے لیڈران شہداکی تحقیر کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں۔ہانجورہ کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ کانگریس پارٹی اس حوالے سے اپنا مؤقف واضح کرے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published.