سرینگر 22 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے مفادات کو سلب کرنے کیلئے متعدد منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے جس کیلئے مقامی آلہ کاروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کشمیر دشمن عناصر کی اصلیت عوام کے سامنے بے نقاب کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے سوموار کو پارٹی کے مرکزی دفتر واقع نوائے صبح کمپلکس پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے مفادات کو سلب کرنے کیلئے بہت سارے منصوبوں پر کام جاری ہے اور اس کیلئے مقامی آلہ کاروں کو کام پر لیا گیا ہے۔ دشمنوں کے ان آلہ کاروں کی اصلیت عوام کے سامنے لانا اور ان کے اصلی چہروں کو بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔خیال رہے تقریبات کا انعقاد شمالی کشمیر کے معروف قانوندان اور سابق جج چودھری محمد جمال کے نیشنل کانفرنس میں شمولیت کے سلسلے میں ہوا تھا۔اس موقعے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی لیڈران ، عہدیران ، کارکنان کیساتھ یوتھ اور خواتین ونگ کو ہدایت کی کہ وہ ریاست کے کونے کونے میں جاکر اُن کشمیر دشمن عناصر کے مذموم منصوبوں اور سازشوں سے باخبر کریں، جو اپنے مقامی آلہ کاروں کے ذریعے درپردہ طور رپر ہمیں تقسیم کرنے کی کوششوں میں لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 1999میں زر کثیر خرچ کرکے پی ڈی پی کی بنیاد رکھی گئی اسی طرح آج نئی جماعتیں اور لیڈران بنائے جارہے ہیں، جو ریاست کے انفرادیت ، اجتماعیت اور شناخت کیلئے کسی بھی زاویئے سے سودمند نہیں۔ عوام کو ان عناصر اور ان کے منصوبوں کو پہچان کر انہیں یکسر مسترد کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کواُسی صورت میں ناکام بنایا جاسکتا ہے جب ہماری صفوں میں اتحاد و اتفاق ہوگا۔
مقامی آلہ کاروں کے ذریعے کشمیر کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری: ڈاکٹر فاروق عبداللہ
اتحاد و اتفاق کے ذریعے ہی دشمن کے منصوبوں کو خاک میں ملایا جاسکتا ہے