سرینگر 23 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگلوار کو درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چستی ؒ کے آستان عالیہ پر حاضری دے کر اسلام کی سربلندی، فتح و نصرت اور کشمیر میں امن لوٹ آنے کیلئے دعا کی۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے کشمیرپر ثالثی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی قباحت نہیں ۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگلوار کو درگاہ حضرت خواجہ محی الدین چستی ؒ واقعہ اجمیر شریف میں حاضری دی۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے رکن پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور جسٹس حسنین مسعودی بھی تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دربار ہذا میں اسلام کی سربلندی ،فتح ونصرف ، عالم انسانیت کی بقا ، کشمیر میں مکمل امن لوٹ آنے کے ساتھ ساتھ ہند پاک دوستی کے لئے دعا کی۔ دریں اثناء انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کرنے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اگر کوئی ہندوستان اور پاکستان کے سب سے بڑا اور دیرینہ مسئلہ حل کرنے میں مدد کی پیشکش کرتا ہے تو اس میں کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم مودی نے امریکی صدر سے مسئلہ کشمیر حل کرنے میں اپنا رول نبھانے کیلئے کہا ہے تو یہ ایک خوش آئندہ امر ہے اور اس میں کسی قسم کی قباہت نہیں۔ میں وزیر اعظم مودی کو اس بات پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ماضی میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان متعدد موقعوں پر کئی بار تیسرے ملک نے ثالثی کی ہے اور اگر امریکی صدر مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالثی کی پیش کش کررہے ہیں تو اس کا خیر مقدم کیا جانا چاہئے۔