22دنوں کے اندر 3لاکھ یاتریوں نے شیولنگم کے درشن مکمل کرلئے
سرینگر 23 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ 3060یاتریوں پر مشتمل اور ایک قافلہ سیکورٹی کے غٰیر معمولی حصار میں امرناتھ گھپا کی جانب منگلوار کی صبح روانہ ہوا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے اب تک 3لاکھ یاتریوں نے گھپا کے درشن مکمل کرلئے ہیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق منگلوار کی صبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 3060یاتریوں پر مشتمل اور ایک قافلہ گھپا کی جانب روانہ ہوا۔ذرائع کے مطابق جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے منگلوار کی صبح 2الگ الگ قافلوں میں 3060یاتری امرناتھ گھپا کی جانب روانہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی سلامتی اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی کے کڑے انتظامات عمل میں لائے گئے تھے جس دوران دونوں قاقلوں کے آگے اور پیچھے کئی فورسزگاڑیاں الرٹ رکھی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ منگلوار کی صبح جموں کے بیس کیمپ سے روانہ ہوچکے قافلے بال تل اور پہلگام کے راستے ہوتے ہوئے گھپا کے درشن مکمل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جولائی سے ابھی تک کل ملا کر 3لاکھ یاتریوں سے شیولنگم کے درشن کئے ہیں ۔انہوں نے بتایا گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال یاتریوں کی جانب سے کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ سال 2018میں 60دنوں کی یاترا کے دوران 2لاکھ 85ہزار ہاتریوں نے گھپا کے درشن کئے تھے تاہم گزشتہ سال کی تعداد امسال صرف 22دنوں کے اندر پار کرگئی اور ہنوز یاتریوں کا سلسلہ گھپا کی جانب جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یاترا 15اگست کو شرون پورنیما تہوار کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوگی۔