سرینگر 24 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے میڈیا میں چھپی خبروں جس میں 15اگست کے بعد دفعہ 35Aسے متعلق فیصلہ لینے کی عندیہ دیا گیا ہے، پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ عوام کو خوف زدہ کرنے میں مشغول ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دفعہ 35Aسے متعلق آرہی خبروں جس میں کہا گیا ہے کہ 15اگست کے بعد کسی بھی وقت خصوصی پوزیشن کو حتمی طور پر منسوخ کیا جائیگا، پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو خوفزدہ کرنے میں مشغول ہے۔عمر عبداللہ کاکہنا ہے کہ بجائے اس کے کہ ریاستی عوام کو یقین دہانی دی جائے، انتظامیہ کا ایک بڑا حصہ عوام کو خوفزدہ کرنے میں مشغول ہے۔سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر عمر عبداللہ کاکہنا تھا کہ یہ انتہائی حیرانگی کی بات کہ عوام کے غصے کو ٹھنڈا کرنے اور انہیں یقین دہانی کرانے کے بجائے انتظامیہ کا ایک بڑا حصہ عوام کو خوفزدہ کرنے میں مشغول دکھائی دے رہا ہے۔ اس سے یہ امکان لگانا مشکل نہیں کہ 15اگست کے بعد بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج بھڑک اُٹھے گا۔سابق وزیرا علیٰ نے اس سلسلے میں شائع ہوئی خبر کو بھی ٹویٹر پر شیئر کیا جس میں صاف طور پر کہا گیا ہے کہ 15اگست کے بعد نئی دہلی میں وزیر داخلہ امیت شاہ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہورہی ہے جس میں دفعہ 25Aکو حتمی طور پر منسوخ کرنے کے حوالے سے طریق کار پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔