تینوں خطوں کے عوام خصوصی پوزیشن کے دفاع کیلئے متحدہ

نیشنل کانفرنس دشمنوں کے ایجنڈے کوکامیاب نہیں ہونے دیگی: ساگر

تینوں خطوں کے عوام خصوصی پوزیشن کے دفاع کیلئے متحدہ

سرینگر 24 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے عوام پر زور دیا ہے کہ ریاست کے تشخص، انفرادیت اور پہچان کا تحفظ کرنے کیلئے جموں وکشمیر کے ہر ایک پشتینی باشندے کو اتحادواتفاق سے کام لینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 35Aاور 370کیخلاف ہورہی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے آگے آنے کی ضرورت ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے عوامی رابطہ مہم کے تحت بدھوار کو خطہ چناب میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مادرِ وطن جموں وکشمیر کے تشخص، انفرادیت اور پہنچان کا دفاع کرنے کیلئے ریاست کے ہر ایک پشتینی باشندے کو اتحاد و اتفاق سے کام لینے کی ضرورت کے ساتھ ساتھ دفعہ35Aاور دفعہ370کیخلاف ہورہی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے آگے آنا چاہئے ۔ یہ دفعات جموں وکشمیر کی پہچان، الگ آئین اور الگ جھنڈے کو آئین ہند میں تحفظ فراہم کرتی ہیں اور ان دفعات کا محافظ بن کر دفاع کرنا ہمارا فرض بنتا ہے۔انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو سلب کرنے کیلئے مذموم اور گندے منصوبے بنائے جارہے ہیں لیکن ریاست کے تینوں خطوں کے عوام کسی کو بھی اپنی پہنچان اور انفرادیت کو زک پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاستی عوام کے اشتراک اور تعاون سے خصوصی پوزیشن کے دفاع کیلئے کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو ایک عوامی تحریک اور جموں ، کشمیر اور لداخ خطوں کے تمام طبقہ جات کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے کبھی اپنے سیاسی ایجنڈا اور سیکولرازم کے کردار پرسمجھوتہ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنان اور لیڈران نے مشکل سے مشکل دور بھی دیکھے لیکن کبھی سیاسی ایجنڈا پر آنچ نہیں آنے دی۔اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس کو کمزور اور زیر کرنے کیلئے بھی سازشوں اور منصوبوں پر کام جاری ہے لیکن اس جماعت نے ماضی بھی ایسی امتحانوں اور آزمائشوں کا سامنا کیا ہے اور اس بار بھی سرخرو ہوگی۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیاکہ وہ چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں تاکہ ریاست میں تقسیمی عناصر کا مقابلہ کیا جاسکے۔ کشمیرنیوز سروس کے مطابق پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہاکہ کچھ فرقہ پرست اور تفریق پسند قوتوں ریاست کے تینوں خطوں میں تقسیم کے درپہ ہیں لیکن نیشنل کانفرنس ان کے ایجنڈے کوکامیاب نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے کہاکہ پارٹی ہمیشہ یکساں ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ لوگوںکی حمایت ہی نیشنل کانفرنس کی اصل طاقت ہے اور اسی وجہ سے پارٹی تینوں خطوں میں کافی مضبوط ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا نے کہا کہ ریاستی عوام امن اور اچھی حکمرانی کی آرزو مند ہے۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کی طرف سے ایک مضبوط اور مستحکم حکومت فراہم کی جائے گی اور لوگ ریاست میں امن و اچھی حکمرانی چاہتے ہیں جو صرف نیشنل کانفرنس ہی فراہم کرسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں نفرت کی سیاست کھیلی جارہی ہے جو جمہوری اقدار کیلئے نقصاندہ ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس ایسی طاقتوں کے خلاف لڑے گی اور فرقہ وارانہ اور علاقائی بنیادوںپر سیاست کرنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھناپڑے گا۔ان کاکہناتھاکہ جموں وکشمیر بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک زندہ مثال ہے اور این سی نے ان اقدار کا ہمیشہ تحفظ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.