سرینگر 27 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ بی جے پی جنرل سیکرٹری رام مادھو اگلے ہفتے کشمیر کا دورہ کررہے ہیں جس دوران وہ ریاست میں زمینی سطح پر پارٹی کی کارکردگی کا گہرائی سے جائزہ لینے کے علاوہ پارٹی کی طرف سے جاری ممبر شپ ڈرائیو میں اب تک حصولیابیوں کا پارٹی لیڈران کی میٹنگ میں جائزہ لیں گے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق رواں ماہ مجوزہ اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی تیاریوں کا جائزہ لینے اور جاری ممبر شپ ڈرائیو میں اب تک ہوچکی حصولیابیوں سے متعلق جانکاری حاصل کرنے کیلئے بی جے پی جنرل سیکرٹری رام مادھو اگلے ہفتے کشمیر کا دورہ کررہے ہیں۔ پارٹی ذرائع نے کشمیر نیوز سروس کو بتایا کہ کشمیر میں پارٹی کا کھاتہ کھولنے اور بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنی طرف مائل کرنے کیلئے بی جے پی اسمبلی الیکشن سے قبل بڑے پیمانے پر رابطہ مہم کا آغاز کرنے جارہی ہے جس کو حتمی شکل دینے کیلئے پارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری رام مادھو اگلے ہفتے کشمیر کے دورے پر آرہے ہیں۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ رام مادھو کا دورہ کشمیر بڑی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ پارٹی فی الوقت کشمیر میں ممبر سازی میں کافی مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے کشمیر میں اُن تمام 17لاکھ افراد کو ممبر شپ کا حصہ بنانے کا تیہہ کررکھا ہے جنہوں نے حال ہی میں منعقدہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے حق میں اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ رام مادھو اگلے ہفتے کشمیر کا دورہ کرنے آرہے ہیں جس دوران وہ پارٹی کی کارکردگی جاننے کیلئے پارٹی لیڈران کیساتھ مختلف میٹنگیں منعقد کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رام مادھو کشمیر میں جاری ممبر سازی مہم کے حوالے سے بھی مفصل جانکاری حاصل کرنے کیلئے ضلعی اور کانسٹیونسی صدور کیساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ 7جوالائی 2019سے بی جے پی نے کشمیر کے اندر ایک لاکھ افراد کو پارٹی میں شامل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ جموں صوبے میں یہ تعداد 3لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں ریکارڈ توڑ اضافے کی توقع ہے۔ پارٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت اس بات پرتمام صلاحیتیں مرکوز کررہی ہیں کہ آنے والے اسمبلی الیکشن میں پارٹی کشمیر سے کم سے کم 5نشستوں پر جیت درج کرلے۔
رام مادھو اگلے ہفتے کشمیر کا دورہ کررہے ہیں
پارٹی کارکردگی اور جاری ممبر سازی مہم کا جائزہ لیں گے