سرینگر 27 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پانتھ چھوک جاکر وہاں یاترا نواس میں امرناتھ یاتریوں کیلئے کئے گئے قیام و طعام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں یاتریوں کیساتھ بھی بات کی اور انہیں بہم پہنچائے جارہی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سنیچروار کو پانتھ چوک جاکر یہاں یاتری نواس کا دورہ کرکے یاتریوں کیلئے اُٹھائے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقعے پر کئی یاتریوں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں بہم پہنچائی جارہی سہولیات کے حوالے سے تازہ جانکار ی حاصل کی۔اس دوران یاتریوں نے انتظامیہ اور مقامی لوگوں کی طرف انتظامات اور مہمان نوازی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ یاتریوں نے کہا کہ ہم یہاں خود کو اپنے گھر سے زیادہ محفوظ محسوس کررہے ہیں اور یہاں کے لوگوں کی گرمجوشی اور ہم آہنگی قابل تعریف ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مسلمانانِ کشمیر نے امرناتھ یاترا کو یقینی بنانے کیلئے ہمیشہ تاریخی رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ اور شرائن بورڈ کے حکام کو ہدایت دی کی کہ وہ یاتریوں کی ہر سطح پر راحت پہنچانے کیلئے مستعد رہیں۔ انہوں نے یاترا نواس اور قیام و طعام کی دیکھ ریکھ کررہے پوشوتم جی اور سرن جی کیساتھ بھی بات کی اور اُن کے کام کو سراہا۔اُن کے ہمراہ پارٹی کے پارٹی لیڈر مشتاق گورو بھی تھے۔ یاد رہے اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے باتل اور پہلگام جاکر بھی یاترا کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا پانتھ چھوک میں یاتری نواس کا دورہ
یاتریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا