مرکزی سرکار افواہوں سے متعلق اپنا مؤقف واضح کرے: غلام احمد میر

عوام‘ امن دشمن عناصر کی ریشہ دوانیوں سے ہوشیار رہیں

مرکزی سرکار افواہوں سے متعلق اپنا مؤقف واضح کرے: غلام احمد میر

سرینگر 30 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ ریاستی کانگریس پارٹی کے صدر غلام احمدمیر نے مرکزی سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر میں جاری غیر یقنی صورتحال اور افواہ بازی کے ماحول پر اپنا مؤقف واضح کرے۔ انہوں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن دشمن عناصر کی ریشہ دوانیوں سے ہوشیار ہیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے جموں وکشمیر میں پائی جارہی غیر یقینی صورتحال پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ امن عامہ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی ریشہ دوانیوں سے خبردار رہیں۔کانگریس صدر نے مرکزی سرکار پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے پائے جارہے غیر یقینی ماحول پر اپنے مؤقف کو واضح کرے۔جنوبی کشمیر کے ڈورو علاقے کے تحت آنے والے ہلسڈار، ہرگواس، گمڈورہ، ہیوارڈ اور دودوانگن علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد میر نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی ریشہ دوانیوں سے پوری طرح باخبر رہیں جو امن و قانون کی صورتحال کو بگاڑنے کیلئے افواہ بازی سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے مرکزی سرکار پر زور دیا کہ وہ ایسے عناصر پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ امن و آشتی کا ماحول درہم برہم نہ ہوجائے۔کانگریس صدر نے عوام کو درپیش مشکلات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈورو اور ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کو سڑک، پانی، بجلی ، طبی سہولیات مہیا نہیں ہے جس کے نتیجے میں یہاں کی آبادی کو آئے روز گوناں گوں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کے نتیجے میں اُن کی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ یہاں کی رہائش پذیر آبادی کو درپیش مسائل و مشکلات دور کرنے میں مؤثر اقدامات اُٹھائیں۔مرکزی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے غلام احمد میر نے بتایا کہ یہاں کے پنچایتوں کو ابھی تک رقومات واگذار نہیں کئے گئے جس کے نتیجے میں زمینی سطح پر تعمیر و ترقی کی رفتار پر بریک لگ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنچایتوں سے جڑے جاب کارڈ ہولڈر پنچایتوں کو رقومات فراہم نہ کرنے کے نتیجے میں شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں کیوں کہ اگر مرکزی سرکار ان اداروں کو فنڈس واگذر کرتی تو جاب کارڈ ہولڈرز اپنے لئے معاش کا ذریعہ تلاش کرتے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں اس حوالے سے کوئی بھی اقدام اُٹھانے سے قاصر ہے اور اس طرح پنچایتوں کے تئیں مرکزی وریاستی سرکار کی پالیسی بے نقاب ہو چکی ہے۔غلام احمد میر نے اس موقعے پر موجودہ غیر یقینی صورتحال پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے اندر یہ خدشات زور پکڑتے جارہے ہیں کہ مرکزی سرکار آنے والے دنوں میں جموں وکشمیر کے تئیں کوئی سخت گیر فیصلہ لینے جارہی ہے جس کے نتیجے میں یہاں کا سماجی و سیاسی بیانیہ درہم برہم ہوجائیگا۔انہوں نے مرکزی سرکارسے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر چلائی جارہی افواہ بازی سے متعلق اپنے مؤقف کی وضاحت کریں کیوں کہ سرکاری بیان آنے کے بعد ہی عوام کے اندر اعتماد بحال ہونے کی امید کی جاسکتی ہے۔اس موقعے پر پارٹی کے سینئر لیڈران، بلاک صدور اور یوتھ لیڈران نے عوامی میٹنگوں سے خطابات کئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.