’’جیش کمانڈر کی ہلاکت بڑی کامیابی، کھنہ بل حملے میں ملوث تھا‘‘: پولیس
اننت ناگ 30 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ اننت ناگ کے وبزن علاقے میں فوج اور جنگجوئوں کے درمیان مختصر وقفے تک جاری رہنے والی مسلح تصادم آرائی کے نتیجے میں جیش کمانڈر ساتھی سمیت جاں بحق ہوگیا جن کی تحویل سے پولیس نے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ادھر انتظامیہ نے علاقے بھر میں امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے موبائل انٹرنیٹ سروس کو اگلے احکامات تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا۔ادھر پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ جب تک نہ جائے جھڑپ کو بارودی مواد سے مکمل طور پر پاک و صاف کیا جائے تب تک یہاں پیش قدمی کرنے سے گریز کیا جائے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق اننت ناگ کے وبزن علاقے میں منگلوار کی سہ پہر کو فورسز نے جنگجوئوں سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد علاقے کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے کر یہاں گھر گھر تلاشی مہم شروع کرتے ہوئے چھپے بیٹھے جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کی کوشش کی۔ پولیس نے بتایا کہ جنگجوئوں سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج، اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف کی مشترکہ پارٹی نے علاقے کا کرا محاصرہ عمل میں لاکر یہاں گھر گھر تلاشی مہم شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی کے دوران علاقے میں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے فورسز اہلکاروں کو زبردست فائرنگ شروع کردی جس کے بعد فورسز اہلکاروں نے بھی مورچہ سنبھالتے ہوئے جنگجوئوں کی فائرنگ کا جواب دیا جس کے ساتھ ہی علاقے میں جھڑپ شروع ہوئی۔پولیس ترجمان کے بقول مختصر مسلح تصادم آرائی کے نتیجے میں جائے جھڑپ سے فورسز نے 2جنگجوئوں کی لاشیں برآمد کی جن کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ فورسز ایجنسیوں کے مشترکہ تعاون کے نتیجے میں آپریشن مختصر مدت کے دوران ہی اختتام پذیر ہوا جس دوران فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر پولیس ترجمان نے بتایا کہ جھڑپ میں مارے گئے جنگجوئوں میں سے ایک کی شناخت جیش محمد کمانڈر فیاض پنزو کے طور پر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فیاض 12جون 2019کو کھنہ بل اننت ناگ میں سی آر پی ایف پارٹی پر ہوئے حملے میں ملوث ہیں جس میں 5اہلکار موقعے پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ واقعے میں زخمی ہوئے پولیس انسپکٹر ارشد خان کئی دنوں تک زیر علاج رہنے کے بعد نئی دہلی کے ایمز میں دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے جیش کمانڈر کی ہلاکت کو بڑی کامیابی سے تعبیر کیا ہے۔ ادھر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے جھڑپ کی جانب پیش قدمی کرنے سے گریز کرے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ عین ممکن ہے کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کے نتیجے میںہوسکتا ہے کہ کوئی بارود مواد یا شل پھٹنے سے رہ گیا ہو لہٰذا جب تک نہ جائے جھڑپ کو سیکورٹی ایجنسیاں مکمل طور پر بارودی مواد سے پاک و صاف کریں گے تب تک عوام سے تاکید کی جاتی ہے کہ انسانی زندگیوں کی سلامتی کیلئے یہاں آنے سے اجتناب کریں۔ادھر علاقے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع ہونے کے ساتھ ہی انتظامیہ نے امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے موبائل انٹرنیٹ سروس پر بریک لگادی۔
وبزن اننت ناگ میں فوج اور جنگجوئوں کے درمیان مختصر جھڑپ
جیش کمانڈر ساتھی سمیت جاں بحق