حالات نارمل، سوشل میڈیا پر شیئر ہورہے آرڈر بے بنیاد: گورنر ستیہ پال ملک

حالات نارمل، سوشل میڈیا پر شیئر ہورہے آرڈر بے بنیاد: گورنر ستیہ پال ملک

سرینگر 30 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ گورنر ستیہ پال ملک نے سوشل میڈیا پر گزشتہ چند دنوں سے اپلوڈ ہونے والے سرکاری احکامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں افواہیں جنگل کی آگ کی طرح پھیلتی ہیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق گورنر ستیہ پال ملک نے منگل کو ایس کے آئی سی سی میں ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کیساتھ بات چیت کے دوران گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہونے والے سرکاری احکامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا سائٹس پر چند دنوں سے اپلوڈ ہونے والے احکامات کا حکومت کیساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ محض بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ایک روایت رہی ہے کہ یہاں افواہ پر مبنی باتیں اس طرح پھیل جاتی ہے جیسے جنگل میں آگ۔ گورنر کا کہنا تھا کہ اگر شہر کے لعل چوک میں کوئی چھوٹا سا واقعہ رونما ہوتا ہے تو میں اس کی بھنک گورنر ہائوس میں سنتا ہوں کہ لعل چوک میں دھماکہ ہوا ہے۔ کشمیرمیں اسی طرح سے باتیں گھڑی جاتی ہیں اور افواہیں اُڑائیں جاتی ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے بنیاد اور بے پر کی باتوں پر کان نہ دھریں کیوں کہ جموں وکشمیر میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک اور نارمل ہے۔خیال رہے گزشتہ چند دنوں سے عوامی و سیاسی حلقوں میں دفعہ 35Aاور 370کے حوالے سے سخت بے چینی پائی جارہی ہے۔ لوگوں میں یہ افواہ تیزی کیساتھ گشت کررہی ہے کہ مرکزی سرکار 15اگست کے فوراً بعد جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو منسوخ کرنے کے احکامات صادر کریگی۔ اس سلسلے میں میڈیا میں چھپی خبروں کے نتیجے میں عوام غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے کیوں کہ گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر ایسے مبینہ سرکاری احکامات شائع ہورہے ہیں جن سے یہ احساس ابھر کر سامنے آتا کہ آنے والے دنوں میں جموں وکشمیر کے اندر کوئی بڑا حادثہ رونما ہونے والا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.