سرینگر/یکم اگست/سی این آئی// آر پار گولہ باری کے نتیجے میں تین افراد ازجان ہوگئے ہیں جبکہ 12افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ جبکہ گذشتہ ایک ہفتے سے حد متارکہ کے دونوں جانب 6سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور 20کے قریب زخمی ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر عام شہری ہیں ۔ اس دوران دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کاالزام عائد کرتی ہے ۔ سرحدوں پر بڑھتی کشیدگی کی وجہ سے آر پار سرحدی آبادی میں خوف و دہشت پھیل گیا ہے ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو جمرات کی صبح تک آر پار گولہ باری کے نتیجے میں تین افراد ازجان ہوگئے ہیں جبکہ ایک فوجی اہلکار سمیت 12افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ٹیٹوال سیکٹر میں گذشتہ صبح 9 بجے بھارتی فوج نے مارٹر کا گولہ فائر کیا جو چلہانہ پھالیاں میں ساجد کے مکان کی چھت پر لگا جس سے مکان تباہ ہوگیا۔ 4 سالہ ایان علی ولد محمد صدیق موقع پرلقمہ اجل بن گیا جبکہ گھر کے دیگر 10 افراد گلاب جان زوجہ برکت اللہ، رضیہ زوجہ صدیق، راشدہ بی بی ، صدف، عرفان صدیق، فخر، خرم، ارم، رمیشہ پسران محمد ساجد، شہناز بی بی دختر سلیمان شاہ زخمی ہو گئے۔دوسری جانب ضلع جہلم ویلی میں بھارتی بم پھٹنے سے 2 نوجوان عقیل ولد خورشید سکنہ میراکلاں، وسیم ولد اکرم سکنہ بانڈی جاں بحق ہو گئے، گذشتہ روز کی شدید گولہ باری کے بعد ایل او سی کے ملحقہ علاقوں میں خوف ہراس پایا جاتا ہے۔ادھر بھارتی دفاعی ترجمان نے کہاہے کہ پاکستانی فوج نے راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں گذشتہ شب شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں محمد الطاف ساکنہ پکھرنی گردن میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا ہے جس کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے ۔دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا بھر پور جواب دیا جارہا ہے ۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے 30جولائیکو راجوری میں ہی پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی فائرنگ کی وجہ سے ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا تھا جبکہ اس سے ایک روز پہلے پونچھ میں پاکستانی گولہ باری کے نتیجے میں ایک معصوم بچہ سمیت چار افراد زخمی ہوگئے تھے تاہم دس ماہ کا بچہ ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ بیٹھاتھا۔
آر پار گولہ باری کے نتیجے میں 3عام شہری جاں بحق ، 12افراد زخمی
ہندوپاک حد متارکہ کے نزدیک آبادی خوف ودہشت میں مبتلاء