مقامی آئی اے ایس افسران جن کو اے جی ایم یو ٹی کیڈر ملا ہے وہ بھی ہونگے تبادلوں کا حصہ ۔۔۔۔
کے این ایس۔۔۔۔ جموں و کشمیر میں گورنر انتظامیہ پولیس اور سول انتظامیہ میں ردوبدل بہت جلد کرنے جارہی ہے تاہم ذرائع نے بتایا کہ تبادلوں اور تقرریوں کے علاؤہ سول انتظامیہ میں افسران کو ترقی دینے کے احکامات بھی جاری کردیے جائیں گے۔ قابل اعتماد ذرائع سے کے این ایس کو معلوم ہوا ہے کہ جموں و کشمیر میں مختلف اضلاع میں تعینات آئی اے ایس افسران جن میں شاہد اقبال چودھری ، سشما چوہان اور راگھا لنگر شامل ہیں کو ممکنہ طور پر سیکریٹری کے طور پر تعینات کیا جاسکتا ہے اور مزکورہ افسران اس وقت سرینگر،جموں اور پلوامہ میں بطور ڈپٹی کمشنر اپنے فرائض انجام دیں رہے ہیں۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کچھ مقامی آئی اے ایس افسران جن کو حال ہی میں اے جی ایم یو ٹی کیڈر ملا ہے کو سرینگر اور جموں میں ڈپٹی کمشنر کے عہدوں پر تعینات کرنے کےلئے بھی غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے کے این ایس کو یہ بھی بتایا کہ سول انتظامیہ کے علاوہ اعلی پولیس افسران کے ساتھ ساتھ بہت سارے ضلعی پولیس افسران آنے والے دنوں میں گورنر انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے انتظامی ردوبدل کا حصہ ہوں گے اور ان افسران کا تبادلہ لازمی طور عمل میں لایا جائے گا جنہوں نے یا تو دو سال کی مدت پوری کی ہے یا انکی کارکردگی اطمینان بخش نہیں رہی ہو ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر انتظامیہ کسی بھی وقت افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات صادر کریں گی اور ذرائع کا کہنا ہے کہ سول انتظامیہ اور پولیس افسران کی کارکردگی رپورٹ پہلے ہی گورنر انتظامیہ نے طلب کی ہے اور کارگردگی کی بنا پر ہی افسران کی تقرریاں عمل میں لائی جائے گی ۔ ذرائع نے مزید بتایا ک گورنر انتظامیہ نے لوگوں کو بہترین انتظامیہ فراہم کرنے کے مقصد سے متعدد اضلاع سے پہلے ہی کئی ڈپٹی کمشنروں اور ایس ایس پیز کا تبادلہ عمل میں لایا ہے اور اب اسی طرح کی پالیسی
دوسرے اضلاع میں بھی اپنائی جارہی ہے جہاں پر سول اور پولیس محکموں میں سینئر افسران یا دو برسوں سے زیادہ عرصے تک تعینات رہے ہیں اور یا وہ سرکار کے ترقیاتی منصوبوں کی عمل آوری میں پوری طرح ناکام ہوئے ہیں ۔