سری نگرہوائی اڈے پرپہنچنے کے بعد وفد ضلع بڈگام روانہ،ماگام میں روایتی انداز میں استقبال
ڈی ڈی سی بڈگام کے چیئرمین اوردیگرممبران نے غیرملکی سفارتکاروں کیساتھ ملاقات،جمعرات کویہ وفد جموں روانہ ہوجائیگا
سری نگر: 24ممالک کے سفارتکاروں پرمشتمل وفدجموں وکشمیر کے 2روزہ دورے کے سلسلے میں بدھ کی صبح سری نگر پہنچا جبکہ جمعرات کویہ وفد جموں روانہ ہوجائیگا۔سری نگرہوائی اڈے پرپہنچنے کے بعدغیرملکی سفارتکاروںکایہ وفد ضلع بڈگام روانہ ہوا،جہاں ماگام علاقہ میں ان کاروایتی اندازمیں استقبال کیاگیا ،جسکے بعدڈی ڈی سی بڈگام کے چیئرمین اوردیگرممبران نے غیرملکی سفارتکاروں کیساتھ ملاقات کی ،اوراُنھیں ترقیاتی وجمہوری عمل اورمجموعی صورتحال سے روشناس کرایا۔کشمیر نیوزسروس (کے این ایس )کے مطابق سفارت کاروں نے ضلع بڈگام کے ماگام بلاک کا دورہ کیا جہاں ضلعی ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کے چیئرمین نذیر احمد خان اور دیگر پنچایت نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد نذیر خان نے غیرملکی سفیروں کوپنچایتی ،بلدیاتی اورڈی ڈی سی اداروں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔ غیر ملکی سفیروں کو پنچایتی راج اور بیک ٹو دیہات اور بلاک کے ذریعے شکایات کے ازالے کے بارے میں بتایا گیا۔غیرملکی سفارتکاروں نے ماگام بڈگام میں مقامی لوگوں کیساتھ بھی بات چیت کی ۔معلوم ہواکہ فرانسیسی سفیر ایمانوئل لینین اور اٹلی کے سفیر ونسنزو ڈی لوکا نے ضلع بڈگام کے ماگام بلاک میں مقامی لوگوں سے بات چیت کی۔خیال رہے چلی ، برازیل ، کیوبا ، بولیویا ، ایسٹونیا ، فن لینڈ ، فرانس ، آئرلینڈ ، نیدرلینڈز ، پرتگال ، بیلجیم ، اسپین ، سویڈن ، اٹلی ، بنگلہ دیش ، مالاوی ، اریٹیریا ، کوٹ ڈی آﺅائر ، گھانا ، سینیگال ، ملائیشیا ، تاجکستان ، کرغزستان اور یوروپی یونین اس دورے پر ہیں۔خیال رہے 5اگست2019کودفعہ 370کی منسوخی اورجموں وکشمیر کی تنظیم نوکے بعدیہ غیرملکی سفارتکاروں کادوسرا دورہ کشمیر ہے جبکہ اسے پہلے 2019میں یورپی ممالک کے سفیروںکے ایک وفد نے کشمیر کادورہ کیاتھا۔پچھلے سال جنوری میں ، ہندوستان میں اس وقت کے امریکی سفیر کینتھ جوسٹر اور ویتنام ، جنوبی کوریا ، برازیل ، نائجیریا ، مراکش ، گیانا ، ارجنٹائن ، فلپائن ، ناروے ، مالدیپ ، فجی ، ٹوگو ، بنگلہ دیش کے سفیروں سمیت15 ممالک کے مندوبین نے جموں و کشمیر کا دورہ کیاتھاجبکہ بعدازاں فروری2020 میں ، جرمنی ، کینیڈا ، فرانس اور افغانستان سے آنے والے 25 غیر ملکی سفارت کاروں نے خطے کی زمینی صورتحال کا مشاہدہ کرنے جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔۔غورطلب ہے کہ غیر ملکی سفیروں کا تازہ ترین دورہ جموں وکشمیر میں اپنی نوعیت کے پہلے ضلعی ترقیاتی کونسل انتخابات کے بعدہوراہے ، جبکہ گزشتہ دنوں18 ماہ کے بعد اس خطے میں 4 جی موبائل انٹرنیٹ کی بحالی دیکھنے میں آئی ہے ۔ماگام بڈگام میں ڈی ڈی سی ممبران اورکچھ مقامی لوگوں کیساتھ بات چیت کرنے کے بعد24ممالک کے سفارتکاروںکایہ وفد دن کے لگ بھگ ساڑھے12بجے جھیل ڈل کے کنارے اورزبرون پہاڑکے دامن میں واقع للت ہوٹل پہنچ گیا، جہاں غیرملکی سفارتکاروں نے دن بھر سیاسی وغیرسیاسی افراد،ڈی ڈی سی وبلدیاتی اداروں کے عہدیداروں بشمول میئرسری نگرمیونسپل کارپوریشن جنید متو ،سیول سوسائٹی ممبران اورتاجرانجمنوں کے وفودکیساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ ہوٹل للت میں غیرملکی سفارتکاروں نے مختلف وفود سے جموں وکشمیر بالخصوص وادی کی سیاسی ،سماجی ،کاروباری اورامن وامان کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ذرائع کے مطابق سری نگرمیں رات گزارنے کے بعدغیرملکی سفارتکاروں کاوفد 18 فروری کو یہ وفد جموں کا دورہ کرے گا جہاں ان کی ملاقات عوامی، سماجی و سیاسی وفود سے ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سفارتکار جموں و کشمیر میں موجودہ سیاسی صورتحال سے وادی کے سیاسی، سماجی و دیگر وفود سے آگاہی حاصل کریں گے۔ اس دورے کا اہتمام مرکزی وزارت خارجہ کی طرف سے کیا گیا ہے۔