ڈی ڈی چیئرپرسن نے قومی جھنڈا لہرایا جبکہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر شوپیان اور ایس ایس شوپیان بھی ہوئے شریک ۔۔۔۔۔۔۔
شوپیان //الحاق خبر ۔۔۔۔۔۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں 15 اگست یعنی یوم ازادی کی سب سے بڑی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بٹہ پورہ میں منعقد ہوئی جہاں پر ڈی ڈی سی چیئر پرسن بلقیسہ جان نے قومی جھنڈا لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ پرسلامی لی ۔الحاق نمائندے کے مطابق کہ پریڈ میں جموں کشمیر پولیس ،فائراینڈ ایمرجنسی سروسز ،این سی سی اور مختلف سکولوں کے بچوں نے حصہ لیا۔نمائندے کے مطابق کہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں یوم ازادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان فاضلل حسیب اور ایس ایس پی شوپیان تنوشری کے علاوہ پولیس، سی آر پی ایف، سول انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ساتھ ڈی ڈی سی ممبران، میونسپل کونسلروں، سرکاری محکموں کے افسران و ملازمین مختلف سکولوں سے آئے ہوئے سکولی بچوں اور مقامی لوگوں کی ایک خاصی تعداد نے شرکت کی۔الحاق نمائندے کے مطابق کہ ایک منٹ اور 50 سیکنڈ کے اپنے خطاب میں ڈی ڈی سی چیئر پرسن بلقیسہ جان نے کہا کہ میں سب کو 77 ویں یوم ازادی پر مبارکباد پیش کرتی ہوں اور آج یہ وہ دن ہے جب بھارت دیش کے لوگوں کو آزاد فضاؤں میں سانس لینے کا شرف حاصل ہوا جبکہ آج ان شہیدوں کو یاد کرنے کا بھی دن ہے جنہوں نے بھارت کو آزادی سے ہمکنار کرنے کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نظرانہ پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ جدید ہندوستان میں ہم سب رہنے والوں کے لئے ایک بڑا اور عظیم فرض یہ ہے کہ ہم ہر مذہب، ہر فرقہ، ہر زبان اور ہر علاقے سے محبت کریں اور نفرتوں کی دیواروں کو مٹا کر آپسی بھائی چارہ کو قائم کرنے کے لیے اپنا رول ادا کرے۔ ڈی ڈی سی چیئر پرسن نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی قوم کا انمول سرمایہ ہوتا ہے مگر تشویش کی بات یہ ہے کہ منشیات کی لت ہماری نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر لے جا رہی ہے لیکن اگر قوم کے اس سرمایہ کو اس دلدل سے باہر نکلنا ہے تو اس کے لیے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا اور میری شوپیان کی باغیور عوام سے یہ گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو منشیات کی لت سے دور رکھنے کے لیے اپنی تمام تر توجہ مرکوز کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ڈپٹی کمشنر شوپیان، ایس ایس پی شوپیان ،ضلع افسران، سکولی بچوں ،ڈی ڈی سی ممبران اور شوپیان کی باغیور عوام کی شکریہ ادا کرتی ہوں اور چاہتی ہوں کہ آج کا دن شوپیان ضلع کے لئے امن ،ترقی اور شانتی کا پیغام لے کر آئے ۔الحاق نمائندے کے مطابق کہ تقریب کے دوران مختلف سکولی بچوں اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس شوپیان کی جانب سے رنگا رنگ کلچرل پروگرام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا گیا جبکہ تقریب کے دوران انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔اس دوران تمام تحصیل ہیڈ کوارٹروں، بلاکوں پنچاتوں، پولیس سٹیشنوں، میونسپل کونسل ،فوجی یونٹوں ،مختلف سرکاری دفاتر کے ساتھ ساتھ سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں بھی یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوئی جس دوران قومی جھنڈا لہرایا گیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی گئی ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے پورے ضلع میں گزشتہ کئی دنوں سے زبردست گہما گہمی دیکھنے کو ملی اور گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر شوبیان اور ایس ایس پی شوپیان کی سربراہی میں ضلع میں اپنی نوعیت کی پہلی میگا ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا اور اس ریلی میں ہزاروں سکولی بچوں، سرکاری ملازمین، ضلع افسران اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یوم آزادی کے پیش نظر آج پورے ضلع میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔