17 مہینوں کے دوران بورڈ کے انتہائی جرات مندانہ فیصلوں کی حمایت پر میں عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں ۔۔۔۔ڈاکٹر درخشاں اندرابی
الحاق ۔۔۔۔۔۔جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن اور وزیر ممکت ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے اج جنوبی کشمیر میں قیمو کوگام کا دورہ کیا اور رشی نورالدین نورانی (رح) کی زیارت گاہ پر حاضری دی۔ الحاق نمائندے کے مطابق کہ وقف بورڈ کی چیئرپرسن کی حیثیت سے یہ انکا پہلا دورہ تھا۔ ڈاکٹر درخشاں کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین، ایس ایس پی کولگام ساحل سرنگل، مختلف محکموں کے سینئر ضلعی افسران کے علاوہ وقف بورڈ کے افسران بھی تھے۔ ڈاکٹر اندرابی نے عرس کی تقریبات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اور سالانہ عرس پر آنے والے عقیدت مندوں کے لیے مناسب انتظامات کے لیے کولگام انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس دوران ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے زیارت گاہ پر ضروریات کے بارے میں جاننے کے لیے مقامی وفود کے ساتھ بھی ایک میٹنگ کی۔ انہوں نے وقف افسران کو ہدایت دی کہ وہ درگاہ کی تعمیر و ترقی کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپ گریڈیشن کی تجویز تیار کریں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ جلد ہی اس معروف صوفی درگاہ پر ترقیاتی کام شروع ہو جائیں گے جبکہ مرکزی حکومت اور ایل جی انتظامیہ تمام صوفی بزرگوں کی درگاہوں کی تعمیر و تجدید ترقی کےلئے سنجیدہ ہیں اور وقف بورڈ بھی اسی مشن پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تصوف کا احیاء اور پورے جموں و کشمیر میں صوفی کمپلیکسوں کی آرائش ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ جموں و کشمیر میں وقف کے کام کے نظام میں زبردست تبدیلی لانے میں انکے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ 17 مہینوں کے دوران انکے انتہائی جرات مندانہ فیصلوں کی مسلسل حمایت پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین نے کہا کہ ضلع انتظامیہ اس بڑے درگاہ کی ترقی اور تعمیر و تجدید میں وقف بورڈ کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔